پاکستان کرکٹ ٹیم کی مسلسل شکست کی وجہ بابراعظم گروپ اور شاہین آفریدی گروپ ہے؟

بدھ 12 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینئر صحافی عمر چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں اس وقت 2 گروپ بابر اعظم گروپ اور شاہین آفریدی گروپ آمنے سامنے ہیں، ان کی اناؤں کی جنگ میں ٹیم مسلسل شکستوں کا سامنا کر رہی ہے۔

عمر چیمہ نے اپنے یوٹیوب چینل ’عمرچیمہ ایکسلیوسیو‘ پر پاکستان ٹیم کی مسلسل شکستوں پر تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم 2 گروپس میں تقسیم ہے۔ بابراعظم نے پہلے بھی اس لیے استعفیٰ دیا تھا کہ ٹیم کے کھلاڑی ان سے بات تک نہیں کرتے تھے، لیکن محسن نقوی نے انہیں منایا اور دوبارہ کپتانی کا تاج ان کے سر پہنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے قسم کھا رکھی تھی کہ بھارت سے ہارنا ہے، اگرچہ بھارت نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن ہماری ٹیم نے تو ہار کا طے کر رکھا تھا بلکہ اس پہلے وہ امریکا سے بھی شکست کھا چکے تھے۔ ٹیم میں موجود 2 گروپ مستقبل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو تباہ کردیں گے۔

عمر چیمہ نے کہا کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے معاملات پر گہری نظر رکھتے تھے۔ ہم بھی چاہتے ہیں کہ محسن نقوی کامیاب ہوں لیکن وہ صحیح اور بروقت فیصلہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے اب بڑی سرجری کا کہا ہے، اُدھر شاہد آفریدی نے بھی معاملات پر لب کشائی کا عندیہ دیا ہے۔

خطرے کی گھنٹی اور دانشمندانہ رائے؟

سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکٹ کیپر راشد لطیف کی ایکس پوسٹ کو ری پوسٹ کیا ہے، جس میں راشد لطیف نے لکھا تھا کہ ’ جو غلطی ذکا اشرف صاحب نے کی تھی وہی غلطی محسن نقوی صاحب نے کر دی۔ ابھی پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر تو نہیں ہوئی تو اس بیان سے ٹیم کیا سوچ رہی ہوگی کہ ہمارے چئیرمین نے ہی ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ذکا اشراف صاحب نے بھی مشاورت وقت سے پہلے شروع کردی تھی جس سے ٹیم کا ناقابل تلافی نقصان ہوا تھا، جو اب تک بھگت رہے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp