ٹویوٹا کا پاکستان میں تیار کی گئی گاڑیاں یورپی ممالک کو برآمد کرنے کا اعلان

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیاں تیار کرنے والی انڈس موٹرزکمپنی نے گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کو یورپی ممالک میں برآمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹویوٹا پاکستان کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران اس بارے میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی اپنے مشہور ماڈلز کے 50 یونٹس برآمد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کو ٹویوٹا فارچیونر،ریوو اور کرولا کراس کاریں برآمد کی جائیں گی، جس سے 15 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

علی اصغر جمالی نے مزید بتایا کہ گاڑیوں کی برآمدات کے علاوہ کمپنی 150 ورکرز کو جاپان بھیجے گی جس سے 25 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے اگلے 10 ماہ میں مزید 100 ورکرز کو بیرون ملک بھجوانے کا ہدف رکھا ہے جس سے آمدن میں دگنا اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کاریں تیار کرنے والی جاپانی اور چینی کمپنیوں کے متوقع کاروباری نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صنعت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی صنعتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر برآمدات کے لیے موزوں خصوصاً افریقی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدوں کے لیے بات چیت کا آغاز کیا جائے۔

اصغر جمالی نے پاکستانی ہنرمندوں کو بیرون ملک بھجوانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کو پانے کے لیے ایک بہتر کاروباری ماحول اور مستحکم پالیسی نہایت ضروری ہے۔

رپورٹس کے مطابق، متاثر کن طور پر، پاکستان کے انسانی وسائل کو نظم و ضبط، مہارت اور تربیت میں ایشیا پیسیفک کے دیگر ممالک میں بہترین تسلیم کیا گیا ہے۔ ٹویوٹا کی جانب سے پاکستانی ورکرز کو جاپان بھجوانے کا اقدام انٹرنیشنل آٹو انڈسٹری میں پاکستانی پیشہ ور افراد کی اعلیٰ قدر اور قابلیت کا ثبوت ہے۔

یہ اقدام وزیر اعظم شہباز کی جانب سے مقامی کار سازوں کو عالمی منڈیوں تک مکمل رسائی حاصل کر کے معاشی بحالی میں کردار ادا کرنے کے مطالبے کے جواب میں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، گاڑیوں کے جن ماڈلز کو ٹویوٹا نے برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہ اپنی قابل اعتمادی، پائیداری اور کارکردگی کے لیے مشہور ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ ٹویوٹا کے یہ ماڈلز نئی منڈیوں میں اپنا مقام حاصل کریں گے اور مستقبل میں ملکی برآمدات میں اضافے اور نئے مواقع کی راہ ہموار کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp