قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں انٹیلیجنس پرمبنی کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) خوارج کی شوریٰ کے انتہائی خطرناک اور مطلوب کمانڈر سمیت کئی دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
مزید پڑھیں
ابتدائی تفتیش کے مطابق، پکڑے گئے دہشتگردوں کے تانے بانے اندرونی و بیرونی دہشتگروں سے ملتے ہیں، کارروائی میں پکڑے جانے والے ٹی ٹی پی خوارج کی شوریٰ کے کمانڈر اور دہشتگرد مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث پائے گئے۔
گرفتار دہشتگرد بلوچستان میں ٹی ٹی پی کے مراکز قائم کرنا چاہتے تھے مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے ان کی یہ کوشش ناکام بنادی۔
پکڑے گئے دہشتگردوں اور ان کے کمانڈر سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں ملک میں موجود مختلف دہشتگردوں کے گٹھ جوڑ کے بارے میں اہم راز افشاں ہونے کی تَوقع ظاہر کی جارہی ہے۔
کامیاب انٹیلیجنس آپریشن کے ذریعے ہائی ویلیو اہداف کو حراست میں لینا اور ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ مہارت اور ریاست کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔