بدھ 12 جون کے روز 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی جسے گولڈن پیک بھی کہا جاتا ہے کو سر کرنے کی کوشش میں 2 جاپانی کوہ پیما لاپتا ہو گئے تھے، جن کی تلاش جاری تھی۔
ہفتہ 15 جون کے روز ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک کوہ پیما کی لاش ملی ہے۔ جاپانی کوہ پیماؤں میں سے ایک کی لاش کو چوٹی پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ دوسرے کوہ پیما کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے کوہ پیما کی شناخت کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم پورٹرز نے تصدیق کی ہے کہ وہ لاپتا ہونے والوں میں سے ایک ہے، وہ کیمپ 3 سے 300 میٹر نیچے گر گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر شگر نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے اور ٹور آپریٹنگ کمپنی سے رابطے میں ہیں۔ جاپانی سفارت خانہ کوہ پیماؤں کے اہل خانہ سے بھی رابطے میں ہے، لواحقین اور سفارت خانہ فیصلہ کریں گے کہ میت کو جاپان واپس بھیجنا ہے یا اسے پاکستان میں سپرد خاک کرنا ہے۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے جمعرات کو کوہ پیماؤں کے ممکنہ مقام کا پتا لگایا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرچ ٹیم، جس میں پاک فوج کے 2 ہیلی کاپٹر اور اونچائی پر چڑھنے والے کوہ پیماؤں اور ماہرین کا عملہ شامل ہے، لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے مشکل موسمی حالات میں انتھک محنت کر رہی ہے۔ لاش کیمپ 3 سے 300 میٹر نیچے ملی ہے۔ سرچ ٹیم دوسرے کوہ پیما کی تلاش میں سرگرم ہے۔