اہم چینی عہدیدار کی اسحاق ڈار سے ملاقات، مزید رابطے بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 21 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں چینی کمیونسٹ پارٹی (آئی ڈی سی پی سی) کے بین الاقوامی شعبہ کی مرکزی کمیٹی کے وزیر لیو جیان چاؤ سے ملاقات کی، اسحاق ڈار نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں سی پیک کے مثبت کردار کو سراہا۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر سے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر، سی پیک نے توانائی کے تحفظ کو تبدیل کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک میں سی پیک پر متفقہ سیاسی اتفاق رائے کو سراہا، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے سی پیک کی کامیابیوں اور اس کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ آہنی بھائی اور وقت کے آزمائے ہوئے دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیتا ہے، چین پاکستان کے ساتھ ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبہ کی مرکزی کمیٹی کے وزیر نے سی پیک کی مستحکم رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ چین پاکستان میں تمام جاری اور نئے سی پیک منصوبوں کے بروقت نفاذ کے لیے پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

انہوں نے سی پیک اور چین پاکستان دوستی کی مستقل حمایت پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی بھی تعریف کی اور چین کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

واضح رہے دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطحی رابطوں کی رفتار کو برقرار رکھنے اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر رابطے کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp