مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی جارحیت کے بعد خطے کے ممالک اپنی دفاعی لائن کو پہلے سے مضبوط تر بنانے کے لیے کوشاں ہیں، اس ضمن میں ایران اور روس میں اسٹرایٹجک شراکت داری کی طرف پیشرفت جاری ہے۔
مزید پڑھیں
اس حوالے سے روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران اور ماسکو نے دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا ہے۔ روس کے نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو نے ماسکو میں ایرانی وزارت خارجہ کے بین الاقوامی قانونی امور کے ڈائریکٹر جنرل علی موسوی کے ساتھ بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے قانونی فریم ورک کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی قانونی معاملات پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں اور تجارت، توانائی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ان کا تعاون بڑھا ہے۔
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے اس سے قبل کہا تھا کہ ایران روس تعاون کے بڑھتے ہوئے رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے اور اپنی قوموں کے فائدے کے لیے تمام مواقع کو بروئے کار لانے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔