گلوکار و اداکار گوہر ممتاز نے پہلی محبت پر خاموشی توڑ دی

اتوار 30 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

17 سال کی عمر سے موسیقی کا سفر شروع کرنے والے مشہور گلوکار گوہر ممتاز نے اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں بہت سے دلچسپ حقائق سے پردہ اٹھا دیا۔

گوہر ممتاز نے وی نیوز کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے مختلف سوالوں کے جوابات دیے۔

انہوں نے ٹین ایج کے دوران ہی جل بینڈ کی بنیاد رکھی اور ’عادت‘ جیسے مشہور گانے گا کر کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا۔ گوہر نے گلوکاری کے ساتھ اداکاری میں بھی اپنے جوہر دکھائے اور کامیاب ڈراموں کے علاوہ بڑی اسکرین پر بھی چھائے رہے۔

ٹین ایج میں گانے کا خیال کیسے آیا اور پہلا گانا کس طرح مکمل کیا؟

ٹین ایج میں گانے کا خیال کیسے آیا؟ اس سوال کے جواب میں گوہر ممتاز نے کہاکہ وہ بہت ہی مزے کا وقت تھا، جب میں نے جل بینڈ بنایا تو 16 سے 17 سال کا طالب علم تھا۔ ’کچھ پتا نہیں تھا کہ کیسے بجانا ہے، میوزک کیسے بنتا ہے، اسٹوڈیو میں ریکارڈنگ کیسے ہوگی۔ میرے کالج میں گائیکی کا ایک مقابلہ تھا جس میں پہلی بار دوستوں کے کہنے پر حصہ لیا اور جل بینڈ بن گیا‘۔

پہلی پرفارمنس میں کون سے خواہش پوری ہوئی تھی؟

پہلی پرفارمنس میں کون سے خواہش پوری ہوئی تھی؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یو سی پی گائیکی مقابلہ میں مرحوم جنید جمشید مہمان خصوصی تھے اور ہماری درسگاہ میں ایسا تھا کہ جو مقابلہ جیتے گا وہ اسٹار کو اوپن کرے گا۔ ’میں جنید جمشید مرحوم کا بہت بڑا فین تھا تو ان سے پہلے پرفارم کرکے یوں سمجھیں کہ ایک بچے کی خواہش پوری ہوگئی تھی۔ بس میں نے سوچ لیا کہ اگر میں نے بینڈ بنانا ہے تو خدا کی طرف سے راستہ مل گیا ہے اور پھر میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا‘۔

کالج کی سیڑھیوں پر گانے والا لڑکا سنسیشن کیسے بنا؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کبھی پتا نہیں تھا کہ جل بینڈ بنے گا، ہم اس طرح کے گانے بنائیں گے، پوری دنیا میں کنسرٹ کریں گے اور اتنے لوگ ہمارے کام کو پسند کریں گے۔ ’ایک چھوٹی سی جگہ سے کالج سے اٹھ کر جب گانا بنایا، انٹرنیٹ پر ڈالا، چاہے وہ ’عادت‘ ہو یا ’باقی تو‘، کبھی نہیں سوچا تھا کہ اتنی بڑی سنسیشن بن جائیں گے‘۔

میوزک اور اداکاری کی دنیا میں کتنا فرق ہے؟

انہوں نے کہاکہ اداکاری بھی میرے لیے ویسی ہی ہے جیسے کنسرٹ کرنا۔ اصل بات یہ ہے کہ آدمی کو وہ کرنا چاہیے جس میں اس کا دل لگے، اگر دل نہیں لگتا تو وہ کام کرنا مشکل بھی ہوجاتا ہے اور ٹھیک طرح سے ہوتا بھی نہیں۔

گوہر ممتاز نے کہاکہ اداکاری مجھے مشکل لگتی ہے اور گلوکاری سے بہت مختلف ہے، لیکن مختلف جہتوں والے کردار مجھے لگتا ہے کہ میرے لیے ہی بنے ہیں، لہٰذا وہ شوق سے کرتا ہوں اور میرے خیال میں بہت اچھے کرتا ہوں۔ لیکن یک رخے کردار جن میں کوئی اتار چڑھاؤ نہ ہو، وہ میں نہیں کرسکتا۔

’کسی کردار کو اس کے موضوع میں ڈھل کر کرتا ہوں اور وہ ابھر کے سامنے بھی آتا ہے۔ عمومی کردار جس میں کوئی لیئر نہیں ہے، وہ مجھ سے اچھا نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر جہاں دو بیویاں ہوں اور ایک شوہر تو وہ میں کر تو لوں گا لیکن دل سے نہیں کر پاؤں گا۔ میرے ڈرامہ گھائل میں لیئرز تھے جس میں میرا نبھایا ہوا کردار جب گھر جاتا ہے تو مثبت اور گھر سے باہر ہو تو منفی ہو جاتا ہے۔ اس میں مرحوم عابد علی صاحب اور مرحوم طلعت حسین صاحب تھے اور بڑا زبردست ڈرامہ تھا‘۔

ڈرامہ داغِ دل میں صحافی کے کردار میں کیا دلچسپی تھی؟

انہوں نے کہاکہ کریکٹر اینگلنگ مجھے پسند ہے۔ ڈرامہ داغِ دل میں صحافی کا رول بے انتہا پسند آیا، جس میں میں باہر جاتا ہوں، چھاپا بردار ٹیم کا حصہ ہوتا ہوں، ریڈ کرتا ہوں اور باقی سب، یقیناً بہت مزہ آیا۔ ’اس اسٹوری میں ایک لڑکی کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے جس کے لیے میں اسٹینڈ لیتا ہوں اور اسی لڑکی سے پیار ہو جاتا ہے۔ یہ کردار اور ڈرامہ کی کہانی مجھے بہت پسند آئی تھی‘۔

پہلی محبت کون ہے؟

انہوں نے کہاکہ میوزک میری پہلی محبت ہے۔ ڈرامہ، فلم سب ایک طرف، موسیقی ہی میری پہلی محبت ہے۔ اداکاری بھی پسند ہے لیکن میوزک سے آگے کچھ بھی نہیں۔

پیسہ اہم ہے یا شہرت؟

انہوں نے کہاکہ پیسہ اور شہرت دونوں مل جاتے ہیں، بس ہمیں وہ کرنا چاہیے جسے کرنے میں مزہ آئے۔ اگر دل کام میں نہ ہو تو کچھ بھی حاصل نہیں کیا جاسکتا۔

پسندیدہ کھانا؟

گوہر ممتاز نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ انہیں کھانے میں نہاری پسند ہے۔

پسندیدہ جگہ جہاں جانے کے لیے ہمیشہ تیار ہوں؟

انہوں نے کہاکہ امریکی شہر نیویارک ایسی جگہ ہے جہاں جانے کے لیے میں ہمیشہ تیار ہوں۔

پسندیدہ گلوکار؟

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ان دنوں علی سیٹھی ان کے پسندیدہ گلوکار ہیں۔

کونسی فلمیں پسند ہیں؟

گوہر ممتاز کے مطابق وہ ہالی ووڈ فلمیں پسند کرتے ہیں۔

مسقبل میں کیا کرنا چاہتے ہیں؟

مستقبل کی پلاننگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں پلان کرکے کچھ نہیں کرتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp