آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ٹی20 انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
بھارت نے بارباڈوس میں کھیلے گئے فائنل میچ میں جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے میں7 رنز سے شکست دے کر دوسری بار آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
جنوبی افریقا کو شکست دے کر ٹی20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد پہلے ویرات کوہلی نے ٹی20 انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور پھر پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں روہت شرما نے بھی ٹی20 انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں
ویرات کوہلی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے وقت میں کیا جب انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ ویرات کوہلی نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹی20 ورلڈ کپ اور آج کا فائنل میچ میرا بھارت کے لیے آخری میچ تھا۔ یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے 125 ٹی20 انٹرنیشنلز میچ کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے 4 ہزار 188 رنز اسکور کیے۔ ان میں ایک سینچری اور 38 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
روہت شرما نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں کہا کہ اس فارمیٹ کو ورلڈکپ جیتنے کے بعد خیر باد کہنے سے اچھا کوئی موقع نہیں تھا، میں ون ڈے اور ٹیسٹ کھیلتا رہوں گا۔ روہت شرما نے 159 ٹی20 انٹرنیشنلز میں بھارت کی نمائندگی اور اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ 4231 رنز اسکور کیے۔ ان کی اوسط 32.05 رہی۔ان میں 5 سینچریاں بھی شامل ہیں جبکہ روہت شرما نے مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ 205 چھکے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 2007 میں ایم ایس دھونی کی قیادت میں پہلی بار ٹی20 ورلڈکپ جیتا تھا اب 2024 میں روہت شرما نے دوسری بار بھارت کو ٹی20 کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنایا۔