پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاسی جماعت کے لبادے میں ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے جس پر پابندی لگنی چاہیے۔
وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر لابنگ کرے گی تو اسے ایک محب وطن جماعت کیسے تصور کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے لوگ ملک توڑنے، ملک کے خلاف سازشیں کرنے اور افرتفری پھیلانے کی کوشش کریں گے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
مزید پڑھیے: فوج اور اداروں کے خلاف منظم سازش کی جارہی ہے، ان کے دماغ میں 9 مئی جیسا ایک اور پلان ہے: عظمیٰ بخاری
انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے حوالے سے تجاویز دے گا جس پر غور کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ نے عمران خان کے خلاف مقدمات بنانے کی منظوری دی ہوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف بغاوت کے مقدمات بنانے کی تجویز محکمہ داخلہ کی طرف سے ابھی نہیں آئی۔
ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس کے حوالے سے خبریں چل رہی ہیں کہ اس نے عمران خان کے خلاف مقدمات بنانے کی منظوری دی ہے یہ کابینہ کے 8ویں اجلاس میں دی گئی تھی لیکن اس کے کلاسفائیڈ دستاویزات اب لیک ہوئے ہیں۔
’یہ درست ہے کہ مریم نواز کے جہاز کے پرزہ جات کروڑوں روپوں میں امپورٹ ہوئے‘
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جہاز کے پرزہ جات باہر سے منگوائے گئے ہیں جن پر کروڑوں روپے لگے ہیں یہ بات درست ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جو جہاز استعمال کرتی ہیں وہ خاصا پرانا ہے اور اس کی دوبارہ مرمت کروائی گئی ہے اور پرزہ جات باہر سے منگوائے گئے ہیں نیا جہاز نہیں لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تحریک انصاف نامی ایک جماعت تھی جو اب ختم ہو چکی، عظمیٰ بخاری
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جہاز مریم نواز اپنے ساتھ نہیں لے جائیں گی یہ پنجاب حکومت کی ملکیت ہے اور گاڑی، جہاز وغیرہ کی مرمت ایک روٹین کا معاملہ ہے کوئی نئی بات نہیں۔
’پنجاب کی 100 دنوں کی کارکردگی کی مہم مفت میں چلی‘
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے فنکاروں سے جو کمپین کروائی ہے وہ فری میں کروائی ہے جو تنقید کر رہے ہیں ان سے پوچھا جائے کہ جب وہ انڈے کٹے وچھے، مہم کے ذریعے دے رہے تھے تو کیا وہ فری تھی؟
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی نے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف لابی بنائی، عون چوہدری کے سنسنی خیز انکشافات
یوروکریٹس کے 29 گھر ڈی ایچ اے میں 2 ارب روپے میں بن رہے ہیں؟
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ 2 ارب روپے کے 29 گھر بن رہے ہیں جس کی منظوری نگراں دور حکومت میں ہوئی تھی اس پر 80 فیصد کام ہو چکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان گھروں کی تعمیر کے لیے پچھلے سال 500 ملین روپے رکھے گئے تھے جبکہ اس دفعہ 200 ملین روپے رکھے گئے ہیں اور یہ گھر بنانا اب ہماری مجبوری ہیں کیونکہ ان پر اربوں روپے لگ چکے ہیں۔