بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’ دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ 29 برس گزر جانے کے بعد آج بھی دلوں پر راج کرتی ہے، جہاں اس فلم کی رومانوی کہانی کو بے حد پسند کیا گیا وہاں اسے فلم اسٹار شاہ رخ خان اور کاجول کی جوڑی نے بھی چار چاند لگائے۔
فلم کو سینما ہاؤسز کی زینت بننے کے 29 سال بعد انکشاف ہوا ہے کہ فلم ساز آدتیہ چوپڑا اس بلاک بسٹر فلم میں شاہ رخ کو نہیں بلکہ ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کو ہیرو کے طور پر کاسٹ کرنا چاہتے تھے تاہم ان کے والد، فلم ساز یش چوپڑا نے انہیں اس فلم کی کہانی پر دوبارہ کام کرنے کا مشورہ دیا، جس کے نتیجے میں بعد ازاں شاہ رخ خان اور کاجول کو کاسٹ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور ڈنکی میں کیا مماثلت ہے؟
1995 میں بنائی گئی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ نے کہیں لوگوں کی زندگیوں کے لیے اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس فلم سے بھارتی فلم انڈسٹری میں شاہ رخ خان ‘کنگ آف رومانس’ کے طور پر مشہور ہوئے اور فلم کے ہدایت کارآدتیہ چوپڑا نے خود کو ایک قابل فلم ساز کے طور پر متعارف کروایا۔
آج فلم ساز اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ اگر یش چوپڑا نے اپنے بیٹے آدتیہ کو ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کو اس رومانٹک فلم کے مرکزی کردار کے طور پر کاسٹ کرنے سے نہ روکا ہوتا تو اس فلم کی کامیابی سے متعلق حالات اور خیالات کئی مختلف ہوتے۔
‘دل والے دلہنیا لے جائیں گے ‘ کی مصنفہ اور فلم نقاد انوپما چوپڑا نے انکشاف کیا کہ آدتیہ چوپڑا نے فلم میں ایک امریکی لڑکے اور ایک ہندوستانی لڑکی کے درمیان ایک ثقافتی محبت کی کہانی کے طور پر تصور کیا تھا۔
اسی تصور کی بنیاد پر وہ ٹام کروز کو فلم میں مرکزی کردار کے طور پر کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔ تاہم ان کے والد، فلم ساز یش چوپڑا نے ان سے کہانی پر دوبارہ کام کرنے اور کرداروں کو ہندوستان سے ہی کاسٹ کرنے کے لیے کہا۔
مزید پڑھیں: مشہور بھارتی فلم ’عاشقی ‘ کے گانے پاکستان سے چوری کیے گئے، بھارتی موسیقار کا بڑا انکشاف
فلم میں سمرن کا کردار ادا کرنے والی کاجول نے بھی تصدیق کی تھی کہ آدتیہ ڈی ڈی ایل جے میں مشن امپوسیبل اسٹار ٹام کروز کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔
وہ ابتدا میں ٹام کروز کو فلم میں ہیرو کے طور پر کردار دینا چاہتے تھے کیوں کہ ٹام کروز ان اداکاروں کی فہرست میں شامل تھے جنہیں آدتیہ اپنی فلم میں کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔
’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں ٹام کروز کے ساتھ رومانس کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کاجول نے شاہ رخ کی جگہ ٹام کروز ہوتے تو پھر ان کے ساتھ دوسری طرف میں نہیں بلکہ کہ میگ ریان ہوتیں۔
’دل والے دلہنیا لے جائیں گے ‘ ایک محبت کی ایک خوبصورت کہانی ہے جس میں راج (شاہ رخ خان) اور سمرن (کاجول) مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ کہانی میں ان دونوں کا تعلق ہندوستان سے ہوتا ہے جو چھٹیاں گزارنے یورپ گئے ہوتے ہیں، دونوں وہاں ملتے ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہو جاتی ہے۔ وہ شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں سمرن کے والد (امریش پوری) کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فلم میں مندرا بیدی، پرمیت سیٹھی، ستیش شاہ، انوپم کھیر، فریدہ جلال، پوجا روپریل اور دیگر نے بھی کام کیا تھا۔