خیبرپختونخوا ضمنی انتخاب: پی کے 22 باجوڑ میں اے این پی کے امیدوار کامیاب

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے حلقے پی کے 22 باجوڑ-IV میں خالی نشست پر آج ضمنی انتخابات ہورہے ہیں، ووٹنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے مطابق اے این پی کے نثار باز 11ہزار926 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔

غیر حتمی و سرکاری نتائج کے مطابق دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی کے عابد خان ہیں جنہوں نے 10ہزار593 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جبکہ آزاد امیدوار نجیب اللہ خان نے 10ہزار622 ووٹ حاصل کیے، سنی اتحاد کونسل کے راحت اللہ 7ہزار146 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا اسمبلی : پی کے 22 باجوڑ IV میں ضمنی انتخابات، ووٹنگ جاری

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 22، باجوڑ IV کی خالی نشست پر پولنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ پولنگ عملے کو گزشتہ روز ہی انتخابی سامان بشمول بیلٹ پیپرز حوالے کردیا گیا تھا، پولنگ اسٹیشنوں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

حلقے کے ضمنی انتخابات میں 12 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، جن میں جماعت اسلامی کے عابد خان، اے این پی کے محمد نثار باز، سنی اتحاد کے راحت اللہ، پیپلز پارٹی کے عبداللہ، سابق گورنر شوکت اللہ کے بیٹے نجیب اللہ خان آزاد امیدوار جبکہ پی ٹی آئی ٹکٹ نہ ملنے پر اختر گل آزاد حیثیت سے میدان میں ہیں۔

مجموعی طور1 لاکھ 79 ہزار 10 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 99 ہزار 38 مرد اور 79 ہزار 972 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

ووٹرز کے لیے کل 91 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن کے اندر 276 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا اسمبلی : پی کے 22 باجوڑ IV میں ضمنی انتخابات، ووٹنگ جاری

الیکشن کمیشن نے پولنگ کے عمل کی نگرانی اور شکایات کے ازالے کے لیے الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے دفتر میں مانیڑنگ کنٹرول روم قائم کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp