اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی رہنما صنم جاوید کو جمعرات تک گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے رہا کردیا۔
ہائیکورٹ نے صنم جاوید کے خلاف مقدمات کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کے احکامات دیتے ہوئے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد سے گرفتار پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید بلوچستان پولیس کے حوالے
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے صنم جاوید کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی رہنما گھر جائیں اور خاموش رہیں۔ اگر یہ اس دوران ایک لفظ بھی بولیں تو عدالت آرڈر واپس لے لے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے کے کیس سے بری ہونے کے بعد جب صنم جاوید کو رہا کیا گیا تو اسلام آباد پولیس نے ایک بار پھر ان کو گرفتار کرلیا تھا۔
آج جب صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کیا گیا تو انہوں نے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے انہیں پیش کرنے کا حکم دیا اور اب احکامات جاری کیے ہیں کہ جمعرات تک انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں صنم جاوید کو رہائی کے بعد اسلام آباد سے پھر گرفتار کرلیا گیا
صنم جاوید کو 9 مئی کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا اور اس دوران عسکری تنصیبات پر بھی دھاوا بولا گیا۔