مخصوص نشستیں: پی ٹی آئی کو تمام اراکین کے بیان حلفی موصول ہوگئے، اسد قیصر

بدھ 17 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے تمام اراکین نے پی ٹی آئی کو اپنے وابستگی کے بیان حلفی پہنچا دیے ہیں۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ان (الگ حیثیت میں الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ) اراکین میں سے صرف 3 بیرون ملک تھے لیکن انہوں نے بھی اپنے حلف نامے پارٹی کو پہنچا دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات تو یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ تمام کے حلف نامے الیکشن کمیشن میں جمع کرادیے ہیں کیوں کہ عاشورے کی چھٹیاں بھی آگئی تھیں لیکن یہ بات ضرور ہے کہ تمام نے ہی اپنے حلف نامے پی ٹی آئی کے حوالے کردیے ہیں۔

https://x.com/ahmad__bobak/status/1813258527890415821?t=S7ljyNbjCteXkoRwEPnjTA&s=19

اسد قیصر نے بتایا کہ ان کے جو رکن اسمبلی ’اغوا‘ کیے گئے ہیں ان کا بیان حلفی بھی پی ٹی آئی کو مل چکا ہے۔

مزید پڑھیے: سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر پی ٹی آئی کے ساتھ 100 فیصد اراکین نے وابستگی کے بیان حلفی دے دیے اور وہ الیکشن کمیشن کو جمع کرادیے گئے تو پھر مخصوص نششتیں ملنے کے بعد پارٹی کی اسمبلی میں کیا پوزیشن ہوگی تو سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اب مخصوص نشستوں کے ملنے کے بعد ہم اسمبلی میں 115 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارلیمانی پارٹی بن جائیں گے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے 13 رکنی فل بینچ نے 12 جولائی کو پارلیمنٹ کی مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے تحریک انصاف کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق قرار دے دی تھیں۔

مزید جانیے: مخصوص نشستیں : دباؤ یا انصاف، کیا اسٹیبلشمنٹ نے ہار مان لی؟

اس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی صدر میان محمد نواز شریف کی جانب سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پرنظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp