ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ: امریکی سیکریٹ سروس کی سربراہ مستعفی

منگل 23 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی خفیہ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہوئے حالیہ قاتلانہ حملے سے متعلق سیکیورٹی کوتاہیوں کی جانچ پڑتال کے دوران اپنا استعفیٰ دے دیا۔

سی این این کے کمبرلی نے اپنے استعفے میں کہا کہ انہوں نے بڑے بھاری دل کے ساتھ ایجنسی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے اور وہ یہ نہیں چاہتیں کہ ان کے جانے سے سیکریٹ ایجنٹس کی توجہ اپنے مشن سے ہٹے۔

کمبرلی نے تسلیم کیا کہ 13 جولائی کو (جس دن سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ ہوا تھا) ایجنسی قوم کے لیڈروں کی حفاظت کے اپنے مشن کے حوالے سے توقعات پر پوری نہیں اتری تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی، حملہ آور ہلاک، عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

یاد رہے کہ ریاست پنسلوینیا کے شہر بٹلر میں ایک 20 سالہ نوجوان نے 13 جولائی کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران ایک عمارت کی چھت سے متعدد گولیاں چلائیں جس سے سابق صدر اور ریلی کے دو شرکا زخمی ہوئے اور ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔

دریں اثنا ایک بیان میں صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ اور خاتون اول جِل بائیڈن کمبرلی کی کئی دہائیوں کی سیکریٹ سروس و ملک کے لیے خدمات پر ان کے مشکور ہیں اور جلد ہی ایک نئے ڈائریکٹر کا تقرر کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: امریکی انتخابات، ٹرمپ ریپبلکن کے باضابطہ امیدوارنامزد،’ہم ایک ناقابل یقین فتح حاصل کریں گے‘،ڈونلڈٹرمپ

جو بائیڈن نے کمبرلی کے بارے میں کہا کہ ایک رہنما کے طور پر انتہائی اہمیت کی حامل خفیہ تنظیم کی مکمل ذمہ داری لینے کے لیے عزت، ہمت اور ناقابل یقین سالمیت کی ضرورت ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ کمبرلی پیر کو ایوان کی دونوں پارٹیوں کے نمائندوں کے سامنے پیش ہوئی تھیں جس میں ان سے بہت سخت سوالات کیے گئے۔

مزید پڑھیے: ’مجھے پاکستانی رپورٹر پسند ہیں‘، ڈونلڈ ٹرمپ کی پرانی ویڈیو وائرل

کمبرلی نے اعتراف کیا تھا کہ سیکریٹ سروس ناکام رہی اور وہ اس کی سربراہ کی حیثیت سے اپنی ایجنسی کی کوتاہی کی پوری ذمہ داری قبول کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ یقینی بنانے کے لیے کہ 13 جولائی جیسا واقعہ دوبارہ کبھی نہ ہو میں زمین آسمان ایک کردوں گی۔

ایوان کے ری پبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں ہی جانب کے ارکان کمبرلی سے فوری طور پر استعفے کا مطالبہ کررہے تھے تاہم سیکریٹ سروس کی 27 سال خدمت کرنے والی کمبرلی اس بات پر تیار نہیں تھیں اور انہوں نے واضح کردیا تھا کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گی لیکن پھر بڑھتے دباؤ کے باعث انہوں نے منگل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp