پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری، فچ ریٹنگز نے یہ فیصلہ کیوں کیا؟

پیر 29 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی طویل مدتی غیرملکی کرنسی جاری کرنے کے حوالے سے درجہ بندی بڑھا دی ہے۔

فچ نے پاکستان کی طویل مدتی غیرملکی کرنسی جاری کرنے والے ڈیفالٹ ریٹنگ (آئی ڈی آر) کو ٹرپل سی سے ٹرپل سی پلس میں اپ گریڈ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی موجودہ حکومت 18 ماہ تک برقرار رہے گی، فچ کی پیشگوئی

فچ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے پاکستان کی بیرونی فنڈنگ تک رسائی بہتر ہوئی، پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے باعث ریٹنگ اپ گریڈ کی گئی ہے۔ فچ عام طور پر پلس ٹرپل سی یا اس سے نیچے کی درجہ بندی والے خودمختاروں کو آؤٹ لک تفویض نہیں کرتا۔

یاد رہے کہ دسمبر 2023 میں عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی بیرونی کرنسی کی طویل مدتی ڈیفالٹ ریٹنگ کو ’ٹرپل سی‘ پر برقرار رکھا تھا۔

اس سے جولائی 2023 میں فچ نے پاکستان کی طویل المدتی غیرملکی کرنسی جاری کرنے والے ڈیفالٹ ریٹنگ (آئی ڈی آر) کومائنس ٹرپل سی سے ٹرپل سی کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن، آئندہ مالی سال میں افراط زر میں کمی کا امکان ہے، فچ رپورٹ

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب فچ حکام کو پاکستان کی معیشت اور میکرو اکنامک اشاریوں کو مستحکم کرنے کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کامیاب معاہدے کے بارے میں بریفنگ دے چکے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز ہی فچ ریٹنگ میں بہتری کا عندیہ دیا تھا۔

گزشتہ ماہ فچ نے اپنی شائع کردہ رپورٹ میں پاکستان کی معاشی صورت حال کو قدرے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں آئندہ مالی سال 25-2024 میں مہنگائی کی شرح 12 فیصد رہنے اور ترقی کی شرح 3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

فچ نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا تھا کہ مالی سال 25-2024 کے بجٹ کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ بیل آؤٹ معاہدے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ فچ ریٹنگز نے رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں افراط زر اور سود کی شرح میں کمی کی بھی توقع ظاہر کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp