شہید کے بیٹے کو غدار، میرجعفر کہنے والوں کو کوئی نااہل قرار نہیں دیتا، پریانکا گاندھی

جمعہ 31 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے اپنے بھائی راہول گاندھی کو نااہل قرار دیے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شہید کے بیٹے کو غدار اور میر جعفر کہنے والوں کو کوئی انتخابات سے نااہل نہیں کرتا۔

دہلی میں مہاتما گاندھی کی یادگار راج گھاٹ پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں غدار کہا جاتا ہے، ہماری ماں کے حوالے سے نازیبا باتیں کی جاتی ہیں اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی ہمارے خاندان کے بارے میں گھٹیا باتیں کرتے ہیں لیکن ان پر کوئی مقدمہ یا جیل نہیں ہوتی اور نہ ہی انہیں ایوان سے باہر کرتے ہوئے انتخابات سے نااہل قرار دیا جاتا ہے۔

پریانکا گاندھی نے کہا کہ جو یہ سمجھتا ہے کہ ہمارے پیچھے ایجینسیز لگا کر، چھاپے مارکر ہمیں ڈرا لیں گے تو یہ ان کی بھول ہے کیوں کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں بلکہ ہم اور زیادہ مضبوطی و ثابت قدمی سے لڑیں گے اور اس ملک کی خاطر کچھ بھی کرگزریں گے۔

انہوں نے نریندر مودی کو بزدل اور متکبر شخص قرار دیتے ہوئے للکارا کہ ’مجھ پر بھی کیسز دائر کردو اور جیل میں ڈال دو لیکن سچائی یہ ہے کہ اس ملک کا وزیراعظم بزدل ہے۔‘

پریانکا گاندھی نے نریندر مودی کو خبردار کیا کہ ہندو دھرم کی روایت رہی ہے کہ مغرور راجہ کو عوام جواب دیتی ہے۔

واضح رہے کہ گانگریس کے رہنما راہول گاندھی ان دنوں سیاسی مشکلات کا شکار ہیں اور حکمراں جماعت بی جے پی کے ہاتھوں انہیں شدید سیاسی چیلنج کا سامنا ہے۔ ایسے میں پریانکا اپنے بھائی کے لیے ایک مظبوط ڈھال کی صورت سامنے آئی ہیں اور راہول کے دفاع اور پارٹی موقف کے لیے جلسے منعقد کر رہی ہیں۔

راجیو گاندھی کے بیٹے اور اندرا گاندھی کے پوتے راہول گاندھی کو 23 مارچ کو سورت عدالت کی جانب سے ہتک عزت کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد بھارت کی لوک سبھا کے رکن کے طور پر نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

بھارتی ریاست گجرات کی عدالت نے راہول گاندھی کو 2019 میں کی گئی ایک تقریر پر ہتک عزت کا قصور وار قرار دیتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعات 499 اور 500 کے تحت انہیں 2 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم عدالت نے انہیں ضمانت دیتے ہوئے سزا 30 دن کے لیے معطل کردی تھی۔

بھارت کے ایک اہم اپوزیشن رہنما راہول گاندھی 2024 میں وزیراعظم مودی کے مدمقابل ہوں گے۔ نریندر مودی ان انتخابات میں تیسری مدت کے لیے امیدوار ہوں گے۔

راہول گاندھی نے سنہ 2019 میں لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران کرناٹک میں انتخابی ریلی میں کہا تھا کہ ’چوکیدار 100 فیصد چور ہے‘۔گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں نریندرمودی نے خود کو ملک اور عوام کا ’چوکیدار‘ بتا کر مہم چلائی تھی۔

راہول گاندھی نے یہ بھی کہا تھا کہ تمام چوروں کے ناموں میں مودی کیسے آتا ہے؟ نیرو مودی، للت مودی، نریندر مودی‘۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ایسے اور کتنے مودی آئیں گے؟‘ واضح رہے کہ نیرو مودی ہیرے کے تاجر ہیں اور ملک سے فرار ہیں۔ للت مودی انڈین پریمیئر لیگ کے سابق چیف ہیں جن پر انڈین کرکٹ بورڈ نے تاحیات پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp