کینسر کی مریضہ نے لاعلاج قرار دیے جانے کے 5 دن بعد شادی کر لی

جمعہ 24 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ میں خون کے کینسر میں مبتلا ایک نوجوان خاتون نے ڈاکٹروں کی جانب سے علاج کے تمام امکانات ختم ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد صرف 5 دن میں اپنی شادی کی تیاری مکمل کی اور اپنے شریکِ حیات کے ساتھ یادگار زندگی گزارنا شروع کردی۔

یہ دل کو چھو لینے والی داستان خاتون کی قریبی دوست کیٹی پاول نے ایک برطانوی فلاحی ادارے کے لیے تحریر کردہ مضمون میں بیان کی۔ ان کے مطابق ان کی دوست الانا میتھیوز (سابقہ کینٹ) 2023 کے اختتام پر بیمار ہوئیں، جسے ابتدا میں عام فلو سمجھا گیا۔

کیٹی کے مطابق اس موسم میں بیماری عام تھی، اس لیے شروع میں اسے سنجیدہ نہیں لیا گیا، تاہم الانا کی طبیعت مسلسل خراب رہی۔ انہوں نے 2 مرتبہ ڈاکٹر سے رجوع کیا مگر انہیں معمولی سینے کے انفیکشن کا بتایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے کینسر کے خلاف جنگ جیتنے کے بعد انجلین ملک نے کیا سیکھا؟ اداکارہ کا جذباتی انکشاف

فروری 2024 کے آغاز تک بھی صحت بہتر نہ ہونے پر صورتحال تشویشناک ہو گئی۔ ایک موقع پر واک کے دوران الانا کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی، جبکہ اگلے دن ان کے شریکِ حیات چارلی نے ہنگامی طور پر طبی امداد طلب کی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ 6 ماہ تک زیر علاج رہیں۔

طبی معائنے کے بعد الانا میں ایکیوٹ مائیلوئڈ لیوکیمیا (خون کا کینسر) کی تشخیص ہوئی، جسے انتہائی جارحانہ نوعیت کا قرار دیا گیا۔ 3 ماہ کی کیموتھراپی کے بعد وہ وقتی طور پر صحت یاب ہو گئیں اور چند ہفتوں کے لیے زندگی معمول پر آ گئی۔ اسی دوران انہوں نے یونیورسٹی سے نمایاں کامیابی کے ساتھ گریجویشن بھی مکمل کیا۔

تاہم ستمبر 2024 میں کینسر دوبارہ لوٹ آیا اور انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل ہونا پڑا، جہاں انہوں نے مزید علاج کے ساتھ ایک کلینیکل ٹرائل میں بھی حصہ لیا۔ اس دوران وہ اور ان کے اہلِ خانہ مسلسل امید اور مثبت سوچ کے ساتھ مستقبل کے منصوبے بناتے رہے۔

بعد ازاں بیماری تیسری بار شدت کے ساتھ واپس آئی اور سخت کیموتھراپی کے باوجود جولائی 2025 میں ڈاکٹروں نے واضح کر دیا کہ اب مزید کوئی علاج ممکن نہیں۔

ایسے مشکل وقت میں الانا نے اپنے ساتھی چارلی، جنہیں ان کی دوست نے ’زندگی کی روشنی‘ قرار دیا، سے شادی کا فیصلہ کیا۔ دونوں نے صرف 5 دن میں شادی کی تمام تیاریاں مکمل کیں۔

کیٹی پاول کے مطابق یہ تقریب اگرچہ جذباتی تھی، لیکن نہایت خوبصورت اور یادگار بھی ثابت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ شدید کمزوری کے باوجود الانا نے بھرپور حوصلے کے ساتھ اس دن کو خاص بنایا اور یہ ان کی مثالی شادی تھی۔

یہ بھی پڑھیے کینسر سے انتقال کرنے والی بیوی کی یاد میں شوہر نے انوکھا ایڈونچر شروع کردیا

ستمبر کے اختتام تک الانا کی حالت تیزی سے بگڑنے لگی اور اکتوبر میں وہ اپنے پیاروں کے درمیان رہتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔

اپنی دوست کے انتقال کے بعد کیٹی پاول نے ان کی یاد میں فلاحی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور مختلف چیلنجز کے ذریعے ہزاروں پاؤنڈز عطیات جمع کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ الانا کی کہانی دوسروں کے لیے سبق بنے، خصوصاً اس حوالے سے کہ اگر طبیعت میں غیر معمولی علامات ظاہر ہوں تو انہیں نظرانداز نہ کیا جائے۔

انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اپنی صحت کے حوالے سے اپنے خیال پر بھروسہ کریں اور بروقت معائنہ کروائیں، کیونکہ بروقت تشخیص کسی کی زندگی بچا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp