علامہ اقبال اسکالرشپ کے تیسرے مرحلہ میں 216 افغان طلبا کی تربیت کا آغاز

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے حال ہی میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد میں علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب 216 افغان طلبا کے لیے فیز III  کے تحت زیرو سمسٹر ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے، جو اگست تک جاری رہے گی۔

اسکالرشپ حاصل کرنیوالے افغان طلبا کے لیے منعقدہ اس افتتاحی اجلاس میں افغانستان کے لیے وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے آصف درانی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی جانب سے طلبا و طالبات کو اسکالرشپس دینے کے اعلان پر افغان عوام کا اظہارِ تشکر

پروگرام کے تحت 216 افغان طلبا کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت انتخابی عمل کے ذریعے پہلے دستے میں منتخب کیا گیا تھا، زیرو سمسٹر کا مقصد بنیادی مضامین کا ریفریشر کورس پڑھانا اور طلبا کو یونیورسٹی کمیونٹی سے جڑنے اور مختلف تعلیمی اور غیر نصابی مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

علامہ اقبال اسکالرشپ حاصل کرنیوالے افغان طلبا کو خوش آمدید کہتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھا کہ انہیں افغان طلبا کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں شامل ہوتے اور متحرک تعلیمی کمیونٹی کا حصہ بنتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔

’یہ ایونٹ بین الاقوامی طلبا کے لیے ایک جامع اور معاون ماحول کو فروغ دینے کے لیے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔‘

مجموعی طور پر61 خواتین سمیت 181 افغان طلبا پاکستان پہنچے ہیں، جن میں سے 91 طلبا بشمول 16 خواتین کو نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد میں جبکہ دیگر 90 طلبا بشمول 45 طالبات کو فاسٹ کیمپس فیصل آباد میں ایڈجسٹ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: افغان مہاجرین کے لیے پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کا اعلان

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق ستمبر 2024 میں زیرو سمسٹر کی تربیت مکمل کرنے پر ماسٹرز پروگرام کے طلبا بھی ان کے ساتھ شامل ہوں گے، افغان طلبا نے اسکالرشپ کے ذریعے معیاری تعلیم کی فراہمی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کو سراہا۔

افغانستان کے لیے وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے آصف درانی نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے افغان طلبا کو 4500 اسکالرشپس کی منظوری دی ہے، جس میں علامہ اقبال اسکالرشپس پروگرام کے فیز III میں، مالی مجبوریوں کے باوجود پاکستان میں مقیم افغان شہریوں خصوصاً خواتین کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے، خواتین کے لیے 1500 اسکالرشپ بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: افغان لڑکیاں روانڈا کیوں جارہی ہیں؟

آصف درانی کے مطابق پاکستانی یونیورسٹیوں میں افغان طلبا کی موجودگی پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام کے فیز 1 میں 3000 وظائف فراہم کیے تھے جو مکمل ہو چکے ہیں جبکہ فیز II میں دیے گئے 300 وظائف 2025 تک مکمل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp