افغان مہاجرین کے لیے پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کا اعلان

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی معیاد میں 30 جون 2024 تک توسیع دینے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیفران کی سفارش پر افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈز کی معیاد میں یکم اپریل 2024 سے 30 جون 2024 تک توسیع کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ اس توسیع سے پی او آر کارڈ ہولڈرز پاکستان میں اسکولوں، بینک اکاؤنٹس اور دیگر سہولیات کا فائدہ اٹھا سکیں گے اور انہیں غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیرملکی باشندوں کو وطن واپس کرنے کے پروگرام کے تیسرے مرحلے میں اپنے وطن واپس بھیجا جائے گا جبکہ بغیر کسی شناختی کاغذات کے پاکستان میں مقیم غیرملکی باشندوں کو وطن واپس بھیجنے کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔

شعبہ زراعت سے متعلق ڈرون پالیسی پر مشاورت حتمی مراحل میں

اجلاس کو بتایا گیا کہ شعبہ زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ڈرون پالیسی کے حوالے سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے اور جلد کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔

مکران ڈویژن میں انسداد منشیات عدالت کے قیام کی منظوری

وفاقی کابینہ نے وزارت قانون وانصاف کی سفارش پر صوبہ بلوچستان میں انسداد منشیات کے مقدمے نمٹانے کے لیے مکران ڈویژن میں ایک اضافی خصوصی عدالت قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔ اس خصوصی عدالت کا دائرہ اختیار ضلع پنجگور، کیچ، گوادر، حب اور لسبیلہ تک ہوگا۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ خصوصی عدالت میں اچھی شہرت کے حامل ججز تعینات کیے جائیں اور استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

پی آئی اے نجکاری عمل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت جاری

وفاقی سیکریٹری برائے نجکاری نے کابینہ کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کے بارے میں حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے 2 اپریل کو قومی و بین الاقوامی اخبارات میں اظہار دلچسپی کی دعوت کے اشتہارات شائع ہوچکے ہیں جن کی آخری تاریخ 3 مئی ہے اور اب تک متعدد کمپنیوں نے پی آئی اے کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

کابینہ نے پی آئی کی نجکاری میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت جاری کی۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے کابینہ کو پاکستان کے ہوائی اڈوں خصوصاً لاہور اور کراچی میں سہولیات کی بہتری کے حالیہ اقدامات پر بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ہوائی اڈوں پر سروس کاؤنٹرز میں اضافہ کیا گیا ہے اور سہولیات کی مزید بہتری پر کام جاری ہے۔

وفاقی کابینہ نے انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے پی ) کے بورڈ کے 4 بالحاظ عہدہ ممبران کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے 18 اپریل 2024 کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp