پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔
پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت عمران خان کی اہلیہ سے متعلق برطانیہ میں گفتگو کرنے کے الزام میں ختم کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت کی پارٹی رکنیت ختم کردی، قومی اسمبلی کی نشست بھی چھوڑنے کا مطالبہ
ذرائع نے دعوی کیا کہ شیر افضل مروت نے حالیہ دورہ برطانیہ میں ایک نجی محفل میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے متعلق نامناسب گفتگو کی تھی، جس کی آڈیو ریکارڈنگ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اراکین کو بھی بھیجی گئی، جس کے بعد عمران خان نے رکن قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا حکم دیا۔
ذرائع نے یہ بھی دعوی کیا کہ شیر افضل مروت سے متعلق پارٹی کو یہ بھی شکایات موصول ہوئی تھیں کہ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے مالی مدد بھی حاصل کی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق شکایت موصول ہونے پر جب عمران خان نے تحقیقات کروائیں تو یہ معاملہ بھی سامنے آیا کہ گزشتہ برس برطانیہ دورے کے دوران شیر افضل مروت نے ان کے خاندان کے فرد سے بھی مالی مدد کی اپیل کی تھی۔
مزید پڑھیں: شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی سے نکالے جانے کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا
ذرائع نے بتایا کہ مالی بدعنوانی اور عمران خان کی اہلیہ سے متعلق نامناسب گفتگو ہی وہ معاملات ہیں جن کے سامنے آنے پر این اے 241 لکی مروت سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وی نیوز نے شیر افضل مروت کا موقف حاصل کرنے کے لیے انہیں متعدد مرتبہ واٹس ایپ کالز کیں اور سوالات پیغامات کی صورت میں بھی بھیجے تاہم شیر افضل مروت نے تادم تحریر کوئی جواب نہیں دیا۔