پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخ رقم کر دی، جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں92.97 میٹر کی متاثر کن تھرو پھینک کر نہ صرف پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا بلکہ اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر کے 118 سالہ تاریخ بھی بدل کر رکھ دی۔
جمعرات کو پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے پہلے راؤنڈ میں 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نہ صرف ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا بلکہ 118 سالہ تاریخ بھی بدل کر رکھ دی انہوں نے فائنل کے دوسرے مرحلے کے آخری راؤنڈ میں 91.79 میٹر لمبی تھرو پھینک کر اپنی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:ماں کی دعائیں رنگ لے آئیں، ارشد ندیم گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب
واضح رہے کہ اس سے قبل اولمپکس میں سب سے لمبی تھرو پھینکنے کا ریکارڈ ناروے کے ڈاینڈریاس تھرکلڈسن کے پاس تھا، جو انہوں نے 2008 میں بیجنگ اولمپکس میں 90.57 میٹر لمبی تھرو پھینک کر قائم کیا تھا۔ جب کہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں 91.79 اور 92.97 کی تھرو پھینک کر نیا اولمپکس ریکارڈ قائم کیا۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے فائنل کا آغاز فاؤل سے کیا لیکن دوسری کوشش میں ریکارڈ تھرو کے ساتھ خود کو ٹاپ پوزیشن پر پہنچا دیا۔ ارشد ندیم نے فائنل کے پہلے راؤنڈ میں تیسری بار 88.72 میٹر لمبی تھرو پھینکی جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے 2 کوششوں کے بعد 89.45 میٹر لمبی تھرو پھینکی۔ ارشد ندیم فائنل کے پہلے راؤنڈ میں ہی ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے تھے، ان تک پہنچنے میں کوئی بھی ایتھلیٹس کامیاب نہ ہو سکا۔
پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے چاندی کا اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
پوائنٹ ٹیبل کے مطابق پہلے نمبر پر پاکستان کے ارشد ندیم 92.97 اور 91.79میٹر دوسرے نمبر بھارت کے نیرج چوپڑا نے 89.45 میٹر، تیسرے نمبر پر گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 88.54 میٹر، چوتھے نمبر پر چیکیا کے جاکوب وڈلیجچ نے 88.50 میٹر، پانچویں نمبر پر کینیا کے جولیس یگو 87.72 میٹر ، چھٹے نمبر پر جرمنی کے جولین ویبر نے 87.40 میٹر، ساتویں نمبر ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کےکیشورن والکوٹ نے 86.16 میٹر آٹھویں نمبر فن لینڈ کے لاسی ایٹیلاتالو کے 84.58 میٹر تھرو پھینکی۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس اولمپکس میں پاکستان کی واحد امید ارشد ندیم کا قوم کے نام پیغام ؟
جیولین تھرو کے فائنل کے دوسرے مرحلے میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی کامیاب تھرو 89.54 میٹرجب کہ ارشد ندیم نے اپنی پہلی کامیاب تھرو 79.40 میٹر پھینکی۔
یاد رہے کہ پاکستانی جیولین ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران اپنی پہلی کوشش میں 86.59 میٹر کی متاثر کن تھرو کے ساتھ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر کے پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کی اُمید جگائی تھی۔ یہ ارشد ندیم کی سیزن کی بھی بہترین تھرو تھی۔
بھارت کے دفاعی چیمپیئن نیرج چوپڑا نے بھی 89.34 میٹر تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی تھی، ان کی بھی یہ سیزن کی سب سے بہترین تھرو تھی۔ ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کے مد مقابل اسپین کے اینڈرسن پیٹرز نے بھی اپنی پہلی کوشش میں 86.59 میٹر کی تھرو پھینک کر فائنل میں دونوں ایشیائی ایتھلیٹس کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی۔
ایک ویڈیو پیغام میں ارشد ندیم نے مداحوں پر زور دیا تھا کہ وہ پیرس اولمپکس 2024 میں مردوں کے جیولین تھرو مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں ان کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔
ارشد ندیم نے کہا کہ میں نے آپ کی دعاؤں کے نتیجے میں پیرس اولمپکس 2024 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ارشد ندیم کے لیے ایک معاون ویڈیو بھی ریکارڈ کی جس میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے لیے اولمپک گولڈ میڈل جیتیں گے۔
فائنل مقابلے میں نیرج چوپڑا، ارشد ندیم، اینڈرسن پیٹرز اور جولین ویبر سمیت ٹاپ ایتھلیٹس نے حصہ لیا تھا۔
ارشد ندیم نے 2023 میں ورلڈ چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا جب کہ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں سونے کا تمغہ جیتا، اس طرح وہ 1962 کے بعد نیزہ پھینکنے کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار 1992 میں بارسلونا اولمپکس میں فیلڈ ہاکی میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔