پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان کے لیے میوزیکل چیئر گیم دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔
پاکستان کو حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ میں افغانستان سے تاریخی شکست ہوئی ہے۔ سیریز کے دوران ایک پریس کانفرنس میں شاداب خان نے کہا کہ تھا اب سب کو بابر اور رضوان کی اہمیت کا اندازہ ہو گیا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاداب کا یہ بیان کرکٹ بورڈ کو اچھا نہیں لگا اور اب انہیں محدود اوورز کے فارمیٹ میں نائب کپتان کے عہدے سے ہٹانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ نے شاداب کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاک افغان سیریز میں شاداب کو بطور کپتان وہ کھلاڑی نہیں دیے گئےجووہ چاہتے تھے۔ سلیکٹرز کی جانب سے ٹیم کے انتخاب کے دوران شاداب کی رائے کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت شان مسعود نائب کپتانی کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔ شان مسعود کو گزشتہ سیریز سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں نائب کپتان بنایا گیا تھا جس سے طوفان برپا ہو گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ نائب کپتانی کی دوڑ میں شاہین شاہ آفریدی سب سے زیادہ مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ انہوں نے لاہور قلندرز کو لگاتار دو سال تک پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بنوایا ہے۔
سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو جلد اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے ورلڈ کپ تک کپتان کا بھی تقرر کر دینا چاہیے۔