فائر وال کی تنصیب کے بعد انٹرنیٹ کی رفتار کو کس طرح بہتر کیا جاسکتا ہے؟

بدھ 21 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فائر وال کی کامیاب تنصیب کے بعد ملک میں سست انٹرنیٹ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، یہاں تک کہ گزشتہ دنوں انسٹاگرام اور فیس بک کے بعد سوشل میڈیا ایپلیکیشن واٹس ایپ کے ذریعے بھی رابطہ مشکل ہوگیا تھا۔ کیونکہ سوشل میڈیا پر آڈیو ویڈیو اپ لوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ دونوں کو بند کر دیا گیا گیا تھا۔

گزشتہ روز صحافی عمر چیمہ نے اپنے وی لاگ میں بھی انٹرنیٹ کی سست رفتار کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایکسپرٹ نے انہیں بتایا کہ کسی بھی شخص کو اگر انٹرنیٹ کا مسئلہ آرہا ہے تو وہ سب سے پہلے اپنے موبائل اور لیپ ٹاپ کے کیشے میموری کو کلیئر کرے، اس کے بعد اپنے موبائل کی ایپلیکیشن کو اپڈیٹ کرے، ٹک ٹاک کو ان انسٹال کرکے دوبارہ انسٹال کرے، اور موبائل اور لیپ ٹاپ کو روز کی بنیاد پر ری اسٹارٹ کریں۔

مزید پڑھیں: انٹرنیٹ فائر وال لگنے سے سوشل میڈیا کس طرح متاثر ہوگا؟

کیا واقعی ان طریقوں سے انٹرنیٹ کی رفتار کو سست ہونے سے بچایا جا سکتا ہے؟ یہ جاننے کے لیے وی نیوز نے کچھ ماہرین سے بات کی اور انٹرنیٹ کے مسائل سے بچنے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

بائیٹس فار آل کے پروگرام مینیجر اور ڈیجیٹل رائٹس ایکٹیوسٹ ہارون بلوچ نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کو سست نہیں بلکہ تھروٹل کیا جا رہا ہے، تاکہ انٹرنیٹ سے آنے والی ٹریفک کو کنٹرول کیا جاسکے۔ لہذا حکومت کو انٹرنیٹ کی تیز رفتار اور بلا تعطل فراہمی کے لیے انٹرنیٹ کو چلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ کی بہتر رفتار کے لیے انفراسٹرکچر جیسے فائبر آپٹک، نئے اسپیکٹرم کا آغاز، انٹرنیٹ پروٹوکول جیسے آئی پی وی 6، انٹرنیٹ پر کسی بھی قسم کے فلٹر سے پرہیز کرنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صحافی عمر چیمہ کی جانب سے جو طریقہ کار بتائے گئے ہیں، ایسا کرنے سے صرف آپ کا کمپیوٹر یا براؤزر بہتر طریقے سے کام کرنے لگے مگر انٹرنیٹ کے لیے انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

ڈیجیٹل رائٹس کے لیے کام کرنے والی این جی او ’بولو بھی‘ کی ڈائریکٹر فریحہ عزیز نے وی نیوز کو بتایا کہ ان طریقوں سے آپ کا موبائل فون یا سسٹم ضرور بہتر کام کرنے لگتا ہے، لیکن اس کا انٹرنیٹ کی رفتار سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور اس طرح کی چیزیں واٹس ایپ ڈاؤن لوڈنگ کے مسائل کو تو حل نہیں کرسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ فائروال سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ عمران خان کے دورِ حکومت میں ہوا، خط منظر عام پر آگیا

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ کی رفتار کے لیے آپ کو انٹرنیٹ کے نظام کو بہتر بنانا پڑتا ہے۔

واضح رہے کہ عوام کو سست انٹرنیٹ کے مسائل کا سامنا اب بھی ہے، جس سے ہر خاص و عام صارف متاثر ہو رہا ہے اور خاص طور پر کاروباری طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp