ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا، ملزم محمد جنید کو طارق روڈ کراچی سے گرفتار کیا گیا، جس سے لاکھوں روپے برآمد کرلیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے نے ’اپنا‘ جعلی ڈائریکٹر گرفتار کرلیا
ایف آئی اے کے مطابق ملزم طارق روڈ پر واقع دبئی سینٹر میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کررہا تھا، خفیہ اطلاع پر چھاپے کے دوران ملزم سے 75 لاکھ 70 ہزار سے زائد پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔
ملزم سے 5ہزار امریکی ڈالر بھی برآمد کیے گئے، ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کررہا تھا۔ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کرسکا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: ایف آئی اے کی کارروائی، ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث گینگ کا سرغنہ گرفتار
ترجمان کے مطابق حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا، ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔