رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں پر راکٹ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ تاہم، پنجاب پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کے مرکزی ملزم بشیر شر کو ہلاک کردیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اہلکاروں پر حملے کے مرکزی ملزم بشیر شر کو ہلاک کردیا ہے۔ رات گئے جاری پولیس آپریشن میں کچے کے علاقے کے خطرناک ڈاکو کو کیفر کردار کو پہنچا دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: رحیم یار خان راکٹ حملہ، 12 پولیس جوان شہید، 6 زخمی، 5 لاپتا
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ ہلاک ملزم گزشتہ روز پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا، پولیس کی کارروائی میں ہلاک ڈاکو کے 2ساتھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز رحیم یار خان کے علاقے ماچھکہ میں پولیس کی 2گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں، ڈاکوؤں نے راکٹ حملہ کرکے 12پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا جبکہ 5اہلکار لاپتا ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حملے کو ناقابل قبول قرار دیا، اور آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ کو ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ ناقابل قبول، مریم نواز نے آپریشن کا اعلان کردیا
مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کی فوری بازیابی کے لیے آپریشن کیا جائے گا اور لاقانونیت کی آماجگاہوں کو مکمل طور پر نابود کیا جائے گا۔