راولپنڈی ٹیسٹ، نسیم شاہ وکٹ سے ناخوش، میچ کے بعد کیا کہا؟

ہفتہ 24 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں اب تک 3 وکٹیں حاصل کرنے والے نسیم شاہ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ سے متعلق مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وکٹ ویسی نہیں بن سکی جیسا کہ سوچا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کا دوسری اننگز میں23 رنز پر 1 کھلاڑی آؤٹ، مہمان ٹیم 94 رنز آگے

ہفتہ کے روز بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ انتظامیہ نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے اچھی پچ بنانےکی ضرور کوشش کی ہوگی لیکن شایدگرمی کی وجہ سے وکٹ اس طرح نہیں ہے جس طرح کہ ہم نے سوچا تھا۔

نسیم شاہ نے کہا کہ پاکستانی بولرز سے بہتر کارکردگی کی توقع کی جا رہی  تھی لیکن شاید پچ کی وجہ سے بولرز اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے، فاسٹ بولرز کا خیال تھا کہ پچ فاسٹ بولرز کو سپورٹ کرے گی، 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا مطلب بھی یہی تھا۔

مزید پڑھیں:راولپنڈی ٹیسٹ، شائقین کرکٹ خوش ہوجائیں، پی سی بی نے بڑا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے امیدیں بھی بولرز سے ہی وابستہ تھیں، ٹیسٹ کے آغاز کے بعد دیکھا گیا ہے کہ پچ گراسی ہے اور اسپنرز کو مشکل ہی سپورٹ کرے، ایسی کنڈیشنر میں ریورس سوینگ کرنا بھی مشکل ہے۔ نسیم شاہ نے کہا کہ اگر رزلٹ اپنے حق میں لانا ہے تو پھر ہمیں ہوم گراؤنڈز سے فائدہ اٹھانے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں نسیم شاہ نے کہا کہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ایک طویل عرصے کے بعد ہوئی ہے، ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگتا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ اچھا پرفارم کریں، اچھی کرکٹ کھیلیں وہ چاہے بولنگ ہو، بیٹنگ ہو یا فیلڈنگ ہو۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کا اتوار کا دن اہم ترین دن ہے، میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp