گاڑی کا من پسند رجسٹریشن نمبر پنجاب میں کتنا مہنگا ؟

بدھ 28 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گاڑی انسان کی ضرورت تو ہے ہی لیکن مختلف اقسام کی گاڑیاں رکھنا ایک شوق بھی ہے، جس کی تسکین کے نت نئے طریقے سامنے آتے رہتے ہیں، بعض حضرات ہر سال نئے ماڈل کی گاڑی خریدنے کا شوق رکھتے ہیں تو کچھ پرانی یعنی ونٹیج کاروں کے متوالے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت پنجاب نے ’اپنی گاڑی، اپنی پہچان، اپنی نمبر پلیٹ‘ اسکیم کا اجرا کر دیا

گاڑیوں کے شوقین افراد کی ایک خواہش یہ بھی ہوتی ہے کہ ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ کچھ خاص اور دلچسپ ہو، بہت سے افراد اپنا من پسند نمبر اور اس کی سیریز حاصل کرنے کے لیے بھاری رقوم بھی ادا کرتے ہیں، اس ضمن میں پاکستانی شہری بھی ’وینٹی پلیٹ‘ کے حصول میں کسی سے پیچھے نہیں۔

’وینٹی پلیٹ‘ کا حصول، کیسے ممکن؟

پنجاب کے محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی من پسند رجسٹریشن نمبر کے حصول کے لیے تین گیٹگریز متعارف کراتے ہوئے من پسند نمبروں کی وینٹی پلیٹس کوحتمی شکل دے دی ہے، ذات، برادری، سیاسی پارٹیوں اور سیاسی شخصیات کے ناموں کی پلیٹس نیلامی میں شامل نہیں کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں امپورٹڈ گاڑیاں خریدنا اب اور بھی مشکل کیوں؟

صوبائی محکمہ ایکسائز کے مطابق گاڑیوں کے من پسند نمبر 3کیٹگریز میں جاری ہوں گے، جن کی کم سے کم قیمت 5 سے 50 لاکھ روپے مقرر کرنے  کی سمری تیار کی گئی ہے، اپنے نام و نمبرز سے نمبر پلیٹس 15 روز تک نیلامی میں رکھی جائیں گی۔

صوبہ بھر میں وینٹی پلیٹس کو پلاٹینم، گولڈ اور کارپوریٹ کی 3 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، پلاٹینم کیٹگری میں 8 الفاظ اور نمبر پر مشتمل پلیٹس کا اجرا ہوگا، جس کی بنیادی قیمت 50 لاکھ روپے رکھی جائےگی۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں گاڑیوں کی منتقلی کے لیے بائیومیٹرک کرانا اب کتنا آسان ہوگیا؟

گولڈ کیٹگری 3 الفاظ اور 3 نمبرز پر مشتمل ہوگی، جس کی 5 لاکھ روپے بنیادی قیمت رکھی جائے گی،کارپوریٹ کیٹگری میں کمپنیز 1کروڑ روپےسے اپنی رجسٹریشن کرائیں گی، کارپوریٹ کیٹگری میں رجسٹریشن کےبعد لوگو والی پلیٹ پر عام نمبر5 لاکھ جبکہ من پسند نمبر10لاکھ روپے کے عوض جاری کیا جائےگا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق من پسند نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے شہریوں کو چند دنوں تک سہولت فراہم کردی جائے گی، شہری جس بھی نمبر کا خواہاں ہے اس کی دراخوست دے گا پھر اس نمبر کو کیٹگری میں تفویض کرتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا، ابتدائی طور پر نمبر حاصل کرنے کے لیے ٹوکن فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp