ملک دشمنوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں نفرت کے بیج بوئے جارہے ہیں، بلوچستان میں جو ہوا وہ دہشتگردی کی انتہا تھی، پاک فوج کے نوجوان ملک دشمنوں کا پیچھا کررہے ہیں، دشمنانِ پاکستان کو مقام عبرت بنائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کوئٹہ میں شہدا کے ورثا سے ملاقات اور تعزیت کی، شہدا کے ورثا کو بہت حوصلہ ہے ان کے جگر کے گوشے چلے گئے۔ شہدا کے لواحقین نے کہا کہ اللہ کو ایسا ہی منظور تھا۔

’یہ دہشتگردی کی انتہا تھی جتنی مذمت کی جائے کم ہے‘۔

مزید پڑھیں: سپہ سالار اور قوم یکسو! دہشتگردی ختم کرنے کا اب وقت آچکا ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے کہاکہ بلوچستان کے چیلنجز پر کور کمانڈر کوئٹہ نے بریفنگ دی ہے، ماحول پیدا کیا گیا کہ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک چل رہی ہے۔ وفاق اور بلوچستان حکومت کی پاک آرمی کو مکمل سپورٹ ہے، بلوچستان حکومت کی کاوشیں خوش آئند تھیں۔

’محب وطن لوگ چاہتے ہیں بلوچستان ترقی کرے اور وہاں امن ہو‘۔

شہباز شریف نے کہا کہ دشمن پاک چین کی دوستی میں دراڑ ڈالنا چاہتے ہیں، ان کا مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے، پاک فوج کے نوجوان ملک دشمنوں کا پیچھا کررہے ہیں، دہشتگردوں کو باہر سے مدد مل رہی ہے، پاکستان دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی۔

’دشمن ہمارے نوجوانوں کو ورغلا رہا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچ نوجوانوں کو سوچے سمجھے ایجنڈے کے تحت ریاست سے دور کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں سیاسی عمائدین سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، وزیر اعلٰی بلوچستان نے عوامی فلاح کے کئی منصوبے شروع کیے ہیں، بلوچستان سی پیک کے حوالے سے بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ بلوچستان میں امن ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں جبکہ دشمن قوتیں بلوچستان اور پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp