پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے لاہور میں 15 ستمبر 2024 کو ہونے والے جلسہ کی تاریخ بدلتے ہوئے اسے 22 ستمبر 2024 کو منعقد کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی جلسہ: ریڈ زون سیل، ’آج نکلنا ہوگا‘، عمران خان
ہفتہ کے روز پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے زیر دستخطی ڈپٹی کمشنر لاہور آفس میں 3 صفحات پر مشتمل ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں عمر ایوب نے لکھا کہ لاہور میں 15 ستمبر 2024 کو سیاسی اجتماع کے انعقاد کے لیے نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی ) کے لیے درخواست لکھی گئی تھی۔
درخواست میں لکھا گیا ہے کہ’ اب چونکہ مورخہ 15 ستمبر 2024کو 12 ربیع الاول ہو سکتا ہے اور پوری قوم بشمول ہمارے کارکنان، سپورٹرز اور قائدین اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادت منانے میں مصروف ہوں گے۔ اب، پاکستان تحریک انصاف اسی اجتماع کو 22 ستمبر 2024 کو لاہور میں منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے‘۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی نے اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر نہیں، ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا، وزیر دفاع خواجہ آصف
درخواست میں لکھا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 22 ستمبر کو ضلع لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ (اقبال پارک) میں سیاسی اجتماع منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی مقصد کے لیے زیر دستخطی آپ کے دفتر سے نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی استدعا کرتا ہے۔
درخواست میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ پی ٹی آئی امن و امان اور نظم و ضبط کو قائم رکھنے پر یقین رکھتی ہے، لہٰذا، پی ٹی آئی کے عہدیداران 22 ستمبر کو مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں کسی بھی طرح کی افراتفری سے پاک سیاسی اجتماع کو یقینی بنانے کے لیے آپ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی جلسہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پاکستان کے سیاسی اور پارلیمانی نظام کی ایک بڑی اسٹیک ہولڈر ہے۔ پی ٹی آئی، اس کے اراکین، قیادت اور حامیوں کو پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں کرنے کا بنیادی حق حاصل ہے جیسا کہ پاکستان کے آئین کے تحت ضمانت دی گئی ہے۔ ایسے جائز حقوق سے انکار اس بنیادی آئینی اصول کی خلاف ورزی کے مترادف ہے جس پر سیاسی جماعت (پی ٹی آئی) کی بنیادیں قائم ہیں۔