گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر5 سالہ سفیان محسود کی وزیراعظم سے ملاقات

ہفتہ 31 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف سے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے اور حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے 5 سالہ سفیان محسود نے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفیان محسود نے چھوٹی عمر میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ بنا کر اپنے ملک اور اپنے والدین کا نام روشن کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 5سالہ پاکستانی مارشل آرٹسٹ کا کارنامہ، انڈیا کا ریکارڈ توڑ دیا

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کی توانائیوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کیلئے کھیلوں کے مواقع فراہم کر رہے ہیں، پاکستان کے نوجوان کھیل کے میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں، پاکستان کے باصلاحیت نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود اور متعلقہ حکام کو نوجوانوں کو کھیلوں کی مزید سرگرمیاں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

سفیان محسود نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا ’مستقبل میں سائنسدان بن کا ملک کا نام روشن کروں گا۔‘

وزیراعظم نے سفیان محسود سے اس کی مادری زبان پشتو میں بھی گفتگو کی۔

وزیرِ اعظم نے سفیان محسود کے والدعرفان محسود سے گفتگو بھی کی جو 100 سے زائد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں، مارشل آرٹس میں مہارت رکھتے ہیں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اس حوالے سے تربیتی اکیڈمی چلاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سینچری کرنے پر صرف 5 لاکھ کا چیک، عرفان محسود نے واپس کردیا

سفیان محسود کے والد عرفان محسود نے وزیرِاعظم کو ڈیرہ اسماعیل خان میں کھیلوں و جسمانی تربیت کی اپنی اکیڈمی اور اس کے تربیت یافتہ کھلاڑیوں کی کامیابیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے چیئرمین یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کو سفیان محسود کے والد کی ڈیرہ اسماعیل خان میں کھیلوں کی اکیڈمی سے اشتراک کیا جائے اور وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کو ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

ملاقات میں وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیرِمملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور وزیرِ اعظم کی کوارڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم بھی شریک تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp