سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہ ہونے کیوجہ سے دہشتگردی میں اضافہ ہورہا ہے، چیئرمین سینیٹ

اتوار 1 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے دہشتگردی میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

راولپنڈی میں صحت آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، قومی معاملات پر پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کرنے چاہئیں، اس وقت ٹیم کے کپتان شہباز شریف ہیں، انہیں فیصلہ کرکے آگے بڑھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: میری نااہلی کا سپریم کورٹ کا فیصلہ غیرقانونی تھا، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کپتان کے طور پر شہباز شریف کو فیصلے کرنے چاہئیں، وزیراعظم اگر کوئی فیصلہ کریں گے تو قومی سلامتی کے معاملات پر ان کا ساتھ دیں گے، پاکستان کی فورسز اپنا آج مستقبل کے لیے قربان کررہی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ قوم کو متحد کریں۔

چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ معاشی ترقی کا انحصار پالیسیوں کے تسلسل پر ہے، ملکی ترقی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، تمام اسٹیک ہولڈر اور اداروں سے کہوں گا صحت سے متعلق آگاہی پر اکٹھے ہو کر کام کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سیاست اور ریاست دونوں سے مایوس ہو چکا ہوں، اختر مینگل

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نوجوان دنیا کو تبدیل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں، نوجوان کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، پاکستان کی ترقی اور مستقبل میں سب سے زیادہ کردار نوجوانوں کا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل کا وزیراعظم، صدر اورچیئرمین سینیٹ انہی نوجوانوں میں سے ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp