ایران سے معاہدے کرنے والے ممکنہ اثرات سے آگاہ رہیں، امریکا نے پاکستان کو خبردار کردیا

بدھ 4 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ ایران سے معاہدوں پر غور کرنے والوں کو ممکنہ اثرات سے آگاہ رہنا چاہیے۔

واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایران کی جانب سے پاکستان کو پائپ لائن مکمل کرنے پر نوٹس دینے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر پابندیوں کے باعث پاکستان پائپ لائن مکمل نہیں کرپارہا، ہم ایران کے خلاف اپنی پابندیوں کا نفاذ جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا پاکستان میں واقعات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے، امریکی قومی سلامتی کونسل

میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے توانائی بحران سے نمٹنے میں مدد کرنا امریکا کی ترجیح ہے، ہم حکومت پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبہ پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا گزشتہ ہفتے بلوچستان میں عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتا ہے پاکستانی عوام نے انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قرضوں کے بوجھ سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کے حامی ہیں، امریکا

انہوں نے کہا کہ ہمارے دل متاثرہ پاکستانیوں کے اہل خانہ اور پیاروں کے لیے دکھتے ہیں، علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنا امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے، امریکا دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایران نے پاکستان کو اپنا آخری نوٹس جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت پائپ لائن کی تعمیر نہ کرنے پر ایران ستمبر 2024 میں پاکستان کے خلاف پیرس کی ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp