میں خود این او سی ہوں، جلسہ ہو کر رہے گا، علی امین گنڈاپور

جمعرات 5 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ وہ خود این او سی ہیں، تحریک انصاف کا جلسہ ہوکر رہے گا، عمران خان کو جیل میں بتادیا تھا کہ اگلی ملاقات جلسے کے بعد ہوگی۔

پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ان کی صوبائی حکومت امن وامان پر توجہ دے رہی ہے، بلدیاتی نمائندوں کے احتجاج سے قبل ان سے مذاکرات کیے، اختیارات نچھلی سطح تک منتقل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلحہ و شراب برآمدگی کیس: پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کی راہداری ضمانت منظور کرلی

وزیر اعلیٰ علی امین کے مطابق مستعفی صوبائی وزیر شکیل خان کو انہوں نے نہیں بلکہ عمران خان کی تشکیل کردہ کمیٹی نے نکالا ہے، انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ وہ بلیک میل کرنے والے سازشی عناصر کو سبق سکھائیں گے۔ ’ایک تو چوری اوپر سے سینہ زوری سازشی عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دوں گا۔‘

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پیپلز پارٹی کے رکن اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی کو یقین نہیں آرہا کہ وہ گورنر بن گئے ہیں،  انہیں اسلام آباد کے پی ہاؤس اور نتھیا گلی سے نکالا اور اب وہ مجبور کررہے ہیں کہ انہیں گورنر ہاؤس سے بھی نکالا جائے۔

مزید پڑھیں:اسلحہ و شراب برآمدگی کیس: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو گرفتار کرکے کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں عدالتی احکامات کے تحت گرفتاری سے بچنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا ، جہاں عدالت نے ان کی راہداری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں کسی مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوران سماعت عدالت نے کہا کہ درخواست گزار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائے، درخواست گزار متعلقہ عدالتوں سے رجوع کریں، کسی بھی مقدمے میں درخواست گزار کو گرفتار نہ کیا جائے۔

مزید پڑھیں: ‎علی امین گنڈاپور کے آزاد کشمیر میں ضمانتی مچلکے جمع

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج شائستہ خان کنڈی نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں مسلسل غیر حاضری پر علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے ایس ایچ او بہارہ کہو کو حکم دیا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے تاہم عدالتی احکامات کے باوجود علی امین گنڈا پور کو آج عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا، علی امین گنڈاپور نے جوڈیشل مجسٹریٹ کےآرڈر کےیخلاف سیشن عدالت اسلام آباد سے بھی رجوع کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp