سعودی عرب کی مصنوعی ذہانت کے میدان میں ترقی، وزیر آئی ٹی عبد اللہ بن عامر السواحہ کا اہم کردار

منگل 10 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے وزیر برائے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ بن عامر السواحہ مملکت کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں کرنے میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان کی قیادت میں سعودی عرب نے کئی بڑے سنگ میل عبور کیے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت کے قابل اعتماد اصولوں پر عالمی اتفاق رائے اور تکنیکی ترقی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں مصنوعی ذہانت کے باعث گوگل کی اپڈیٹس میں اضافہ، کی بورڈ بھی جدید ہوگیا

عبد اللہ بن عامر السواحہ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری (مصنوعی ذہانت کی سربراہی کانفرنس) کے دوران اہم اعلانات کیے۔

انہوں نے بتایا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب نے OECD (اقتصادی تعاون و ترقی تنظیم) کے تحت 75 فیصد انسانیت کو مصنوعی ذہانت کے قابل اعتماد اصولوں پر متفق کیا ہے، جو دنیا میں ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر Qualcomm، Aramco Digital اور Alat کے ساتھ تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ایک انقلابی مصنوعی ذہانت تیز کرنے والی چپ کو لانچ کیا جا رہا ہے، جو نیورل پروسیسنگ یونٹس (NPUs) کا استعمال کرتی ہے اور جہاں میموری پروسیسر کے ساتھ ہوگی۔ یہ جدید چپ مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک بڑی پیشرفت ہے۔

ایک اور اہم اعلان میں عبداللہ بن عامر السواحہ نے کہاکہ سعودی عرب میں خواتین کی شمولیت تکنیکی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے، جو 35 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی خواتین جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

مزید برآں انہوں نے اعلان کیاکہ سعودی عرب میں ALLaM کی قیادت میں تیار کیا گیا عربی زبان کا مصنوعی ذہانت ماڈل اب دنیا کا سب سے زیادہ درست ماڈل بن چکا ہے، جو MMLU کے مطابق عالمی ماڈلز پر سبقت لے چکا ہے۔

عبداللہ بن عامر السواحہ نے اس موقع پر UNESCO کے ساتھ اخلاقیات اور تحقیق کے شعبے میں اور ITU کے ساتھ مصنوعی ذہانت کے فریم ورک کے حوالے سے اپنی شراکت داری پر بھی فخر کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ایک ایسا طریقہ اختیار کررہا ہے جو اختراع اور تنظیم کو یکجا کرتا ہے، جیسا کہ پہلے کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے میدان میں کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں کیا مصنوعی ذہانت کے باعث اب کچھ بھی ایکسکلوسیو نہیں رہے گا، آپ کی اپنی آواز بھی؟

عبداللہ بن عامر السواحہ کی قیادت میں سعودی عرب دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کی ترقی میں نہ صرف تکنیکی لحاظ سے بلکہ اخلاقی اور ریگولیٹری لحاظ سے بھی نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp