مغربی افریقہ کے ملک سینیگال میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 26 افراد ہلاک اورکشتی پر سوار متعدد افراد لاپتا ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کشتی سینیگال کے دارالحکومت سے 80 کلومیٹر دور ایمبور شہر سے 100 سے زائد مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی تاہم صرف 4 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد ڈوب گئی۔
رپورٹ کے مطابق مچھلی کے شکار کے لیے استعمال ہونے والی کشتی تارکین وطن کو لے کر اسپین کے کینری جزیرے کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ کشتی پر سوار مسافروں میں اکثریت ایسے نوجوانوں کی تھی جو بہتر مستقبل کی تلاش میں غیرقانونی طریقے سے اسپین میں داخل ہونے کے خواہشمند تھے۔
حکام کے مطابق کشتی پر سوار 100 افراد میں سے 26 ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ 4 افراد کو بچا لیا گیا ہے، لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔