مخصوص نشستوں کا معاملہ حل کیا جائے، اسپیکر ایاز صادق کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

جمعرات 19 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کی خود مختاری قائم رکھنے کے لیے مخصوص نشستوں کا معاملہ حل کیا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آزاد اراکین اسمبلی جو ایک سیاسی جماعت کا حصہ بن گئے انہیں پارٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں پارلیمنٹ بالادست ادارہ، اسپیکر کا الیکشن کمیشن کو خط سنگ میل ہے، وزیر اطلاعات

اسپیکر نے خط میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ وہ آزاد ارکان کو کسی بھی جماعت میں شمولیت کا اختیار دیں۔

From Hon. Speaker to CEC by akkashir on Scribd

 

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پارلیمنٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 7 اگست کو منظور کیا، پارلیمنٹ کا منظور کردہ ایکٹ صدر کے دستخط کے بعد نافذ العمل ہوچکا ہے۔

اسپیکر نے کہا ہے کہ ایکٹ کے تحت جس امیدوار نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی سرٹیفکیٹ نہیں دیا وہ آزاد تصور ہوگا۔

اسپیکر نے خط میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ماضی کے ایکٹ کے تحت تھا جو اب قابل اطلاق نہیں، اب ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ موجود رہے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے انتخابی نشان چھن جانے کے باعث آزاد حیثیت سے عام انتخابات میں حصہ لیا تھا، جس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے انہیں مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے وہ نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں میں تقسیم کردی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں وسیع تر سیاسی مشاورت کی وجہ سے آئینی ترمیم کے لیے آگے بڑھنے میں تاخیر ہو رہی ہے، وزیر اطلاعات

الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے اس پر سماعت کی، اور اکثریتی رائے سے یہ فیصلہ دیا گیا کہ پی ٹی آئی کو بحثیت پارٹی تسلیم کرتے ہوئے انہیں مخصوص نشستیں دی جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp