مالم جبہ دھماکا: سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کرلیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے رپورٹ طلب کرلی

پیر 23 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا ہے کہ مالم جبہ دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں اے ٹی اے، دھماکا خیز مواد، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشتگرد حملے میں شہید اہلکار کے اہلخانہ کی بھرپور مالی اعانت کی جائے گی، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

مزید پڑھیں:مالم جبہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، ایک پولیس جوان شہید، 3 زخمی

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوات میں مالم جبہ روڈ پر پولیس موبائل کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا، بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس وین 10 سے زائد ممالک کے سفرا کے سیکیورٹی قافلے میں شامل تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے میں تمام سفیرمحفوظ رہے۔ قافلے میں روس، ایران، پرتگال، انڈونیشیا، تاجکستان، قازقستان اور ایتھوپیا کے سفیر موجود تھے۔ سفرا چیمبر آف کامرس مینگورہ کی تقریب میں شرکت کے بعد مالم جبہ جا رہے تھے، واقعے کے بعد تمام سفیر اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp