وسیم اکرم اور وقار یونس پر آج کے کھلاڑیوں کی طرح کام کا بوجھ نہیں تھا، شاہین آفریدی

جمعرات 26 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ سابق کپتان وسیم اکرم اور وقار یونس پر کام کا اتنا بوجھ نہیں تھا جتنا آج کے کھلاڑیوں پر ہے۔

ایک مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے جدید گیم میں ورک لوڈ مینجمنٹ کے مسائل کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی سے متعلق محمد عامر کی پیشگوئی ٹھیک ثابت ہوئی، فاسٹ بولر نے کیا کہا تھا؟

شاہین آفریدی نے کہا کہ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں جیسے وسیم اکرم اور وقار یونس کو دیکھیں تو ان پر آج کے کھلاڑیوں کی طرح کام کا بوجھ نہیں تھا۔

انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ کسی بھی کھلاڑی کو ذہنی طور پر تندرست اور مضبوط ہونے کی ضرورت ہے اور اس کی ذہنی صلاحیت اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ وہ کام کے بوجھ کے مسائل پر کیا ردعمل ظاہر کرے گا۔

‘اگر آپ احمقانہ ردعمل کا اظہار کرتے ہیں تو آپ کبھی بھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائیں گے، میں جانتا ہوں کہ ایسی جگہیں ہیں جہاں آپ پرفارم نہیں کرسکتے، آپ اپنے جسم اور تکنیک کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن بعض اوقات اس میں تھوڑا سا وقت لگتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: کپتانی کا معاملہ میرے ہاتھ میں نہیں، اس لیے اس بارے میں سوچتا ہی نہیں، شاہین آفریدی

شاہین آفریدی اپنی حالیہ انجری کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک چھوٹی سی مدت ہے جس میں انہیں پی سی بی اور اپنے آس پاس کے لوگوں سے تھوڑا سا تعاون درکار ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں فارمیٹ جو بھی ہو اس سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی 2022 میں مسلسل انجری کا شکار رہے تھے، انہوں نے ٹیم میں واپسی کے لیے جہدوجہد کی، ان کی بولنگ کی رفتار اور فارم دونوں میں نمایاں کمی انہی انجریز کا پیش خیمہ ہے، وہ چیمپیئنز کپ کے حالیہ میچ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی پرستاروں نے شاہین آفریدی سے کیا التجا کی؟

توقع ہے کہ ان کے گھنٹے کی انجری سنگین نہیں ہوگی اور وہ انگلینڈ کے خلاف اگلے ماہ شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوجائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp