جنوبی افریقہ کے مایہ ناز آل راؤنڈر ڈیوڈ ملر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے آخری اوور میں ہاردیک پانڈیا کی جانب سے فل ٹاس گیند پھینکے جانے کی کوئی توقع نہیں تھی، اس لمحے یہ محسوس کیا کہ میں نے اپنے ملک اورساتھیوں کو مایوس کردیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ملر نے ایک انٹرویو کے دوران بھارت کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست پراظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس لمحے کو یاد کرتے ہیں جب ہاردیک پانڈیا نے آخری اوورکی پہلی گیند پھینکی اورجنوبی افریقہ کو فائنل جیتنے کے لیے صرف 16 رنز کی ضرورت تھی۔
ڈیوڈ ملر نے کہا کہ وہ کھیل کے مشکل اورآخری لمحوں کے دوران بھارتی بولرکی جانب سے یوں فل ٹاس گیند بھینکے جانے کی توقع نہیں کر رہے تھے اسی لیے وہ اس غیر یقینی گیند کو درست طریقے سے شاہد نہیں کھیل پائے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی گیند پر سوریہ کمار یادو نے ان کا باؤنڈری پر ایک انتہائی مشکل کیچ پکڑ کر انہیں آؤٹ کر دیا، اس پر میں بہت مایوس ہوا تھا اور یہ وہ لمحہ تھا کہ میں نے ایسا محسوس کیا کہ اپنے ملک کو مایوس کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل ہر ایک کے لیے منصفانہ نہیں ہوتا، میں ہاردیک پانڈیا کی اس گیند پر کچھ مختلف نہیں کر سکا تھا، اسے بہتر ٹائمنگ کے ساتھ نہیں کھیل پایا، میں واقعی اس طرح کے فل ٹاس کی توقع نہیں کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میرے ذہن میں ہمیشہ فل ٹاس گیند ہوتا ہے، لیکن اس لمحے میں اس گیند نے مجھے تھوڑا سا پریشان کر دیا تھا اور میں فوری اسے سمجھ نہیں سکا۔ لیکن یہ گیند ٹیم کے لیے ایک چھوٹی سی امید تھی جو ہمارے سامنے آ رہی تھی۔
بارباڈوس کے برج ٹاؤن کے کینسنگٹن اوول میں 29 جون کو کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں وہ لمحہ ایسا تھا کہ ڈیوڈ ملر ہی جنوبی افریقہ کے لیے آخری امید تھے، لیکن بھارتی بولر ہاردیک پانڈیا کی چلاکی اور پھر سوریہ کمار یادو کی باؤنڈری پر ڈیوڈ ملر کی ٹورنامنٹ کی بہترین کیچ نے جنوبی افریقہ کی ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
ڈیوڈ ملر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس گیند کو کھیلنے کے لیے اپنی طرف سے بھرپور طاقت کا استعمال کیا، لیکن سوریہ کمار کے لیے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے لیے جو کیچ پکڑنا انتہائی مشکل تھا وہ انہوں نے پکڑ لیا۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت گیندوں اور رنزوں کے درمیان مارجن بہت کم تھا اس لیے یہ واقعی مایوس کن تھا۔
ڈیوڈ ملر نے کہا کہ بھارتی اسٹار بولر نے اس موقع پر زبردست ذہانت کا مظاہرہ کیا اور یوں وہ باؤنڈری کے اندر گیند کو پکڑنے میں کامیاب ہو گئے اور مجھ سے چھٹکارا حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔