فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یوٹرن لیتے ہوئے مالی سال 2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 14 روز کی توسیع کردی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ مختلف تاجر تنظیموں، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور عوام الناس کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ایف بی آر کا یوٹرن، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
اس معاملے پر وی نیوز نے ایف بی آر کے ترجمان ڈاکٹر محمد اقبال سے رابطہ کیا، جنہوں نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے اس لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 14 روز کی توسیع کی گئی ہے، کیونکہ عوام کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں مسئلہ آرہا تھا۔
انہوں نے کہاکہ چونکہ ہمارے ہاں ہمیشہ آخری تاریخ والے دن سب کو یاد آتا ہے کہ انہوں نے ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ہے، اور 95 فیصد سارا عمل آن لائن الیکٹرانک ہوتا ہے اس لیے سسٹم بھی ڈاؤن ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تاریخ بڑھانے کا تعلق بالکل بھی ہدف سے نہیں ہے، بہت سے لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہدف پورا نہ ہونے کی وجہ سے تاریخ میں توسیع کی گئی ہے جبکہ ایسا نہیں ہے۔
ترجمان نے کہاکہ تاجروں اور مختلف ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے درخواست کی گئی تھی اس لیے تاریخ میں توسیع کی۔
یہ بھی پڑھیں ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی، ایف بی آر
انہوں نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے مزید یہ بھی کہاکہ پہلے برسوں میں تو 3 مہینے تک بھی تاریخوں میں توسیع کی جاتی رہی ہے، اسی لیے جب اس طرح کے مسائل آجائیں تو توسیع کر دینا بڑی بات نہیں ہے۔