محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے ضلع قصور میں کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی تحویل سے کروڑوں روپے مالیت کا نایاب مگرمچھ برآمد کیا ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر نایاب نسل کے جنگلی جانوروں کی اسمگلنگ کے خلاف پنجاب بھر سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ جنگلی حیات نے قصور میں ایک کارروائی کے دوران نایاب نسل کا مگرمچھ برآمد کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ جنگلی حیات کا گلیات میں چھاپہ، نایاب جانوروں کی کھالیں، مصنوعات برآمد
جاری بیان کے مطابق، کارروائی کے دوران غیرقانونی تحویل سے ’مارش مگرمچھ‘ برآمد کیا گیا ہے جس کی لمبائی 7 فٹ ہے اور اس کی عالمی منڈی میں قیمت کروڑوں روپے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برآمد کیا گیا مگرمچھ ’گٹ والا وائلڈ لائف بریڈنگ سینٹر‘ منتقل کردیا گیا ہے، بیرون ملک مگرمچھ کی کھال اور گوشت فروخت کئے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قلعہ سیف اللہ: نایاب پرندے خطرے میں، شکار پر سخت کارروائی کا فیصلہ
نایاب مگرمچھ کی غیرقانونی تحویل سے برآمدگی پر سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے محکمہ وائلڈ لائف کے افسران اور عملے کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پہلی بار پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ اور بقا کے لیے اتنے وسیع اقدامات کیے جارہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلی بار پنجاب میں جانوروں کے حقوق کا بھی تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے جو ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔