جنوبی لبنان: حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے 3 افسران سمیت 8 فوجی ہلاک

بدھ 2 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں اس کے 8 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی کے دوران 3 افسران سمیت 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال پر اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس شروع

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز جب لبنان میں داخلے کی کوشش کی تو حزب اللہ کے جنگجوؤں نے آگے سے مزاحمت کی اور اس دوران تصادم ہوگیا۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کی لبنان کی زمینی راستے سے داخلے کی کوشش ناکام بنا دی اور اس دوران 3 افسران سمیت 8 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز بھی گردش کررہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے منتقل کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر اپنی فوج تعینات کررکھی ہے، اور ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا ہے کہ ہم لبنان میں زمینی کارروائی کریں گے۔

اسرائیل نے لبنان پر کئی روز تک فضائی بمباری جاری رکھی، جس کے بعد پیر کو زمینی راستے سے حملہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب حزب اللہ کے عبوری سربراہ نعیم قاسم نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اسرائیل کے خلاف حزب اللہ کی کارروائیوں میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں اسرائیل پر حملہ: امریکا نے ایران کو مزید پابندیوں کی دھمکی دے دی

انہوں نے مزید یہ بھی کہا تھا کہ ہم اسرائیل کو مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp