لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی اطلاعات ہیں۔
غیرملکی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کو شہید کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بیروت پر شدید اسرائیلی بمباری، کیا حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہدف تھے؟
اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ 2 روز سے بیروت کے جنوب میں شدید بمباری کی جارہی ہے، اور انہی حملوں میں ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مسلسل حملے کیے جارہے ہیں جس کے باعث ریسکیو ورکرز اس مقام پر نہیں پہنچ پارہے جہاں ہاشم صفی الدین کو شہید کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب لبنانی سیکیورٹی ذرائع نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد سے ہاشم صفی الدین کے ساتھ ان کا کوئی رابطہ نہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے کیے گئے ایک آپریشن کے بعد جہاں اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری جاری ہے وہیں لبنان کی سرحد پر بھی فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے، اور اس دوران اب تک لبنان کے 2 ہزار سے زیادہ افراد مارے جاچکے ہیں۔
ہاشم صفی الدین کون ہیں؟
اسرائیل نے حال ہی میں لبنان میں کی گئی ایک کارروائی کے دوران حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو شہید کیا جس کے بعد کہا جارہا تھا کہ ہاشم صفی الدین ان کے جانشین ہوں گے۔
ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصراللہ کے ماموں زاد بھائی ہیں، جو 1960 میں جنوبی لبنان میں پیدا ہوئے، اور ان کا شمار حزب اللہ کے ابتدائی اراکین میں ہوتا ہے۔
ہاشم صفی الدین کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے کم وقت میں حزب اللہ میں اپنا ایک نام بنایا اور مرکزی لوگوں میں ان کا شمار ہونے لگا، وہ روحانی لیڈر کے ساتھ ساتھ عسکری کارروائیوں میں بھی نمایاں رہے ہیں۔
ہاشم صفی الدین کو 1995 میں حزب اللہ کی گورننگ کونسل کا رکن بنایا گیا، اور اس کے فوری بعد ہی جہاد کونسل کے نگران کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں۔
واضح رہے کہ حزب اللہ کی جہاد کونسل تنظیم کی عسکری کارروائیوں کو کنٹرول کرتی ہے۔
اس کے بعد 1998 میں انہیں تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کا سربراہ بنا دیا گیا۔
ہاشم صفی الدین نے ایران سے تعلیم حاصل کی، اور اس دوران ان کے تہران کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم ہوگئے تھے۔
ہاشم صفی الدین اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے درمیان قریبی تعلقات تھے، اس کے علاوہ ان کے درمیان سمدھی کا رشتہ بھی ہے۔
ہاشم صفی الدین کے بیٹے رضا ہاشم نے قاسم سلیمانی کی صاحبزادہ زینب سلیمانی سے شادی کی۔
یہ بھی پڑھیں اسرائیل پر حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کی شہادت کا جواب ہے، ایرانی پاسداران انقلاب
امریکا نے 2017 میں ہاشم صفی الدین کے کردار کو دیکھتے ہوئے ان کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا اور انہیں قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔