وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ چینی وزیر اعظم 11سال بعد پاکستان آرہے ہیں، ان کا دورہ پاکستان گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ایسی سی او کانفرنس میں علاقائی چیلنجز پر بات ہوگی۔ کانفرنس میں عالمی رہنماؤں کی آمد خوش آئند ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کرنے جارہا ہے۔ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: دنیا پاکستان کے ساتھ تجارت کے لیے تیار مگر پی ٹی آئی کو یہ قبول نہیں، عطا تارڑ
عطا تارڑ نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا۔ اس کے بعد سعودی وزیر سرمایہ کاری بڑے بزنس وفد کے ساتھ پاکستان آئے۔ سعودی عرب 2.2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دنیا نے جان لیا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس 3.2 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں۔
’شرح سود میں کمی ہوئی ہے جس سے معاشی استحکام آرہا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: چین کا بڑا گروپ پاکستان میں 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا، عطا تارڑ
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں آنے والے مہمانوں کے استقبال کے لیے شہر کو سجا رہے ہیں، ای سی او کانفرنس میں عوامی روابط کے فروغ میں مدد ملے گی، اور دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت اور خارجہ پالیسی میں زبردست طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، اس سے قبل چینی وفود نے باہمی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کے دورے کیے۔