وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ اس اجلاس میں مختلف ممالک کے نمائندے اور وفود جبکہ 7 ممالک کے وزرائے اعظم شرکت کررہے ہیں۔ اس اہم اجلاس کی وجہ سے اسلام آباد کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ جبکہ مختلف شاہراہوں کو بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام پولیس کی جانب سے 2 روز قبل ہی 14، 15 اور 16 تاریخ کا ٹریفک پلان شیئر کردیا گیا تھا لیکن آج 15 اکتوبر کو شہر کے کئی ایسے راستے بھی بند کیے گئے ہیں جو ٹریفک پلان میں شامل نہیں تھے۔
اسلام آباد میں آج کا ٹریفک پلان کیا ہے؟
اسلام آباد پولیس کے ترجمان شریف اللہ خان نے وی نیوز کو بتایا کہ صبح سے رات گئے تک ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ اور سری نگر ہائی وے پر تواتر سے ٹریفک روکی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے شہری ٹیکسلا جی ٹی روڈ، موٹروے، چکری انٹر چینج، چک بیلی روڈ اور روات کے روٹس استعمال کریں، اسی طرح لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے افراد روات، چک بیلی روڈ ، چکری انٹرچینج، موٹروے، ٹیکسلا جی ٹی روڈ استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ایس سی او کانفرنس: اسلام آباد کی کونسی شاہراہیں کس وقت ٹریفک کے لیے بند ہوں گی؟
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والے شہری نائنتھ ایونیو استعمال کریں، فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دی جائے گی، بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری کورنگ روڈ اور بنی گالہ سے لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری صدر مری روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کریں کیونکہ ایکسپریس وے آنے جانے والی تمام ٹریفک کے لیے بند ہوگی، اس لیے روات ٹی کراس سے راولپنڈی کی جانب سفر کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ایس سی او اجلاس کا انعقاد ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے، عطا اللہ تارڑ
ترجمان کا کہنا تھا کہ کرنل شیر خان شہید روڈ سے فیض آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ استعمال کریں، پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک براستہ ٹیکسلا، موٹر وے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ روڈ انٹرچینج اور موٹر وے استعمال کریں، لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری انٹرچینج اور موٹر وے استعمال کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ کسی بھی دشواری سے بچنے کے لیے ان شاہراہوں پر سفر سے اجتناب کریں اور بتائے گئے متبادل راستوں کا انتخاب کریں، ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے اسلام آباد پولیس کے ریڈیو ایف ایم 92.4 کو سنتے رہیں یا 15 پر رابطہ کریں تاکہ ایس سی او کانفرنس کے انعقاد کو کامیاب بنایا جا سکے۔