پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، جس کے بعد وہ واپس چلے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر عاصم یوسف ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک اڈیالہ جیل کے باہر کھڑے رہے اور اندر جانے کی اجازت کے منتظر رہے، تاہم انہیں اجازت نہ مل سکی۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کے طبی معائنہ کے لیے ذاتی معالج اڈیالہ پہنچ گئے
ڈاکٹر عاصم یوسف نے بتایا کہ مجھے کہا گیا ہے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز ہی عمران خان کا طبی معائنہ کرسکتے ہیں، آپ کو ان تک رسائی نہیں دی جاسکتی۔
ڈاکٹر عاصم نے کہاکہ میں کافی دیر تک اڈیالہ جیل کے باہر انتظار کرتا رہا، تاہم اجازت نہ ملنے کے بعد واپس روانہ ہوا ہوں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کیا تھا، اور مطالبہ کیا تھا کہ انہیں اڈیالہ جیل میں عمران خان تک رسائی دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت نے ڈاکٹرز کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کی اجازت دیدی
گزشتہ رات حکومت نے پی ٹی آئی کو پیشکش کی تھی کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعے عمران خان کا طبی معائنہ کروا لیتے ہیں، جس کی بنیاد پر تحریک انصاف نے احتجاج ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔