سعودی یمن جنگ بندی : سعودی عرب سے رہا کیے گئے 13 حوثی قیدی صنعا پہنچ گئے

اتوار 9 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب اور ایران میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد یمن میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ عمان کا وفد حوثیوں سے جنگ بندی اور امن پر بات چیت کے لیے یمن پہنچ گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن میں جنگ بندی اور امن کے لیے عمان کی ثالثی میں مذاکرات ہوں گے۔ عمانی وفد کے ساتھ حوثیوں کے مذاکرات کار محمد عبدالسلام بھی یمن پہنچ گئے ہیں۔

محمد عبدالسلام نے یمن سے غیر ملکی فورسز کے انخلاء، معاوضوں اور تعمیرِ نو کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکا کے خصوصی ایلچی نے یمن میں سیاسی عمل کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ ایران نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔

دوسری جانب یمن کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور حوثیوں میں 6 ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ حوثی عہدے دار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے رہا کیے گئے 13 حوثی قیدی صنعا پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل حوثیوں نے ایک سعودی قیدی کو رہا کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کا مقصد 2 سال کے عبوری سیٹ اپ پر 3 ماہ کے مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان 6 ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔ جنگ بندی کا مقصد 2 سال کے عبوری سیٹ اپ پر 3 ماہ کے مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔

مذاکرات کے دوران یمن کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو کھولنے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے اجراء، تعمیر نو کے منصوبوں اور سیاسی منتقلی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ فریقین کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے بعد عرب اتحاد نے فروری میں یمن پر عائد درآمدی پابندیوں میں نرمی کی تھی جس کے بعد حوثیوں کے زیر کنٹرول جنوبی بندر گاہوں پر سامان کی نقل و حرکت شروع ہو گئی تھی۔

یمنی حکومت کا کہنا ہے کہ اب تمام تجارتی بحری جہاز عدن سمیت یمن کی جنوبی بندرگاہوں پر براہ راست لنگر انداز ہو سکیں گے۔ درآمد پر عائد پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔ اب کھاد اور بیٹریوں سمیت 500 اقسام کی اشیاء کی درآمد کی جا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp