فریدہ امتیاز اوشکھنداس کی رہائشی ہیں اور 9 اسٹار ویمن کوآپریٹو سوسائٹی کی صدر ہیں۔ انہوں نے تقریباً 2010 سے زراعت کے شعبے میں کام کرنا شروع کیا۔
ابتدا میں وہ دیسی طریقے سے کاشتکاری کرتی تھیں، لیکن بعد میں انہوں نے جدید طریقے اپنائے اور ٹنل فارمنگ کی طرف منتقل ہوئیں۔ اس تبدیلی نے انہیں مالی فائدہ پہنچایا، جس کی بدولت وہ اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے میں کامیاب ہوئیں اور ساتھ گھر کا خرچ بھی چلا سکیں۔
فریدہ خاتون نے شہد کا کاروبار بھی شروع کیا، جس میں انہیں ابتدائی طور پر بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، اب وہ ان مشکلات پر قابو پاچکی ہیں اور یہ کاروبار کامیابی سے چل رہا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی نے پچھلے 3 سالوں میں زراعت کے شعبے میں کام کرنے والوں کے لیے کئی چیلنجز پیدا کیے ہیں۔ کاشتکاروں کو اکثر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اس بارے میں رہنمائی کرنے والا کوئی ادارہ نہیں ہے۔ ان کی سبزیاں بھی زیادہ تر خراب ہوجاتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں مالی نقصان ہوتا ہے۔
تاہم ان تمام تر مشکلات کے باوجود فریدہ اور ان کی ساتھی خواتین محنت کررہی ہیں اور سبزیاں بیچ کر اپنے گھروں کا خرچ اٹھا رہی ہیں۔
یہ خواتین ایک دوسرے کی مدد کرکے کام کرتی ہیں اور ان کی محنت نے انہیں ایک نئی زندگی کی امید دی ہے۔ فریدہ خاتون کی کہانی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ محنت اور عزم سے مشکلات کو حل کیا جاسکتا ہے اور وہ اپنی کمیونٹی کی دوسری خواتین کے لیے ایک مثالی کردار ادا کررہی ہیں۔