خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 10 جوان فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان شہید اور 3 زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: میانوالی : ملا خیل میں پولیس کے آپریشن میں 10 دہشتگرد مارے گئے
وزارت داخلہ کے ترجمان نے اپنے جاری بیان میں مزید بتایا کہ شہید ہونے والے جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے خوارجی دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا، شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
شہدا میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمان، سپاہی اخونزادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں ایف سی اہلکار نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب شامل ہیں جنہیں علاج کے لیے سی ایم ایچ اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بڑھتی دہشتگردی، پی ٹی ایم کا دھرنا اور ایس سی او کا اجلاس، کیا ہونے والا ہے؟
ترجمان وزارت داخلہ نے ایف سی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے اور قیام امن کے لیے پر عزم ہے، شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔