سردیوں کی سبزیاں گرمیوں تک محفوظ کیسے رہیں؟

پیر 10 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہمیں اپنی پسندیدہ سبزیوں کے لیے ان کے موسم کا انتظار کرنا پڑتا ہے جیسے مٹر، گاجر اور پالک وغیرہ۔

یہ سبزیاں سردیوں کے موسم میں تو وافر مقدار میں موجود ہوتی ہیں لیکن گرمیوں میں ان سبزیوں کا ملنا تقریباً ناممکن ہی ہوتا ہے۔

اگر یہ سبزیاں بازار میں کہیں مل بھی جائیں تو ان کی قیمت خرید استطاعت سے باہر ہوتی ہے لیکن آج ہم آپ کو موسم سرما کی سبزیوں کو موسم گرما میں بھی استعمال کرنے کے لیے فریز کرنے کے ایسے طریقے بتائیں گے جن سے ان سبزیوں کی تازگی بھی برقرار رہے گی اور غذائیت بھی۔

1۔مٹر

آپ نے جتنے بھی مٹر فریز کرنے ہوں، اتنے مٹر لے لیں اور ان کو ایک پیالے میں نکال لیں۔ پھر مٹروں کو اچھی طرح سے دھولیں۔

اب ایک برتن میں پانی لیں اور اسے ابلنے دیں۔ مٹروں کو اُبلتے ہوئے گرم پانی میں2منٹ کے لیے ڈال دیں۔

ایک برتن میں برف کا ٹھنڈا پانی لیں اور مٹروں کو گرم پانی سے نکالنے کے بعد فوری طور پر اس ٹھنڈے پانی میں ڈالیں۔ اب مٹروں کو اچھی طرح سے ٹھنڈا ہونے دیں۔

مٹروں کے ٹھنڈا ہو جانے کے بعد ان کو کسی ایسے برتن میں نکالیں جس میں نمی نہ ہو اور خشک کر لیں۔

خشک ہو جانے کے بعد مٹروں کو زپ لاک بیگ جو مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں ، میں منتقل کر دیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ بیگ میں ہوا نہ بھرے۔

اب مٹروں کو فریزر میں رکھ دیں۔آپ ان مٹروں کو آسانی سے 6ماہ تک استعمال کر سکتےہیں۔

2۔پالک

پالک کو اچھی طرح صاف کر لیں اور اس کے سخت تنوں کو کاٹ لیں۔ پھر پالک کو اُبلتے ہوئے پانی میں 2منٹ کے لیے اُبلتے ہوئے پانی میں ڈال دیں۔

گرم پانی سے نکالنے کے بعد پالک کو برف کے ٹھنڈے پانی کے برتن میں ڈال لیں۔ جب پالک اچھی طرح ٹھنڈی ہو جائے تو پالک کو آہستہ سے نچوڑ لیں اور کچن کے صاف تولیے سے اسے خشک کر لیں۔

اب پالک کو مختلف حصوں میں تقسیم کرلیں۔ خیال رہے کہ پالک کے حصے اتنے کریں جتنے آپ نے ایک بار میں استعمال کرنے ہوں۔

پالک کے حصے کرنے کے بعد اسے زپ لاک بیگ میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں۔

3۔گاجر

گاجر میں وافر مقدار میں وٹامن اے موجود ہوتا ہے۔ وٹامن اے نہ صرف جلد کے لیے بہترین ہوتا ہے بلکہ آنکھوں کے لیے بھی نہایت مفید ہوتا ہے۔

گاجر کو فریز کر کے اس کی غذائیت سے فائدہ گرمیوں میں بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔

گاجر کو چھیل کر اسے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ اب ایک برتن میں پانی ابال لیں اور اس میں کٹی ہوئی گاجریں ڈال لیں۔

2منٹ کے بعد گاجروں کو ٹھنڈے پانی کے برتن میں ڈال کر رکھ دیں۔ جن گاجریں ٹھنڈی ہو جائیں تو انہیں کچن کے صاف تولیے پر پھیلائیں اور آہستہ آہستہ اچھی طرح خشک کر لیں۔

اب گاجروں کے ٹکڑوں کو ایک ٹرے میں اس طرح پھیلائیں کہ ٹکڑے ایک دوسرے کے ساتھ نہ لگیں۔

چند گھنٹوں کے بعد گاجروں کے ٹکڑوں کو زپ لاک باکس میں ڈال دیں اور فریزر میں رکھ دیں۔

جب گاجروں کو استعمال کرنا ہو تو پہلے انہیں پگھلا لیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp